رسائی کے لنکس

جے کے رولنگ کرونا وائرس کی علامات سے صحت یاب


ہیری پوٹر سیریز کی مصنفہ جے کے رولنگ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ دو ہفتے تک کرونا وائرس جیسی بیماری میں مبتلا رہیں، لیکن اب صحت یاب ہوگئی ہیں۔

جے کے رولنگ نے ایک ٹوئیٹ میں بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں تک مجھ میں کرونا وائرس جیسی تمام علامات تھیں۔ لیکن میں نے ٹیسٹ نہیں کروایا۔

انھوں نے سانس لینے کی تکنیک کی ایک ویڈیو بھی شئیر کی جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس سے انھیں مدد ملی۔ ان کے شوہر نے یہ تکنیک تجویز کی تھی جو برطانیہ میں ڈاکٹر ہیں۔

جے کے رولنگ نے کہا کہ ''میں اب مکمل طور پر صحت یاب ہوچکی ہوں اور یہ تکنیک شئیر کرنا چاہتی ہوں جو ڈاکٹر تجویز کرتے ہیں۔ اس میں کوئی خرچہ نہیں آتا، جس کے کوئی مضر اثرات نہیں ہوتے۔ لیکن، یہ آپ کو اور آپ کے پیاروں کی بہت مدد کرسکتی ہے، جیسے میری کی''۔

54 سالہ جے کے رولنگ کے دنیا بھر میں لاکھوں پرستار ہیں جن کے ناول اور ان پر بنی فلمیں نہ صرف بچوں بلکہ بہت سے بڑوں کو بھی پسند ہیں۔ انھوں نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ ہیری پوٹر سیریز کی پہلی کتاب ہیری پوٹر اینڈ دا فلاسفرز اسٹون کی ای بک اور آڈیو بک اپریل میں پڑھنے کو مفت دستیاب رہے گی، تاکہ والدین اور اساتذہ گھروں میں بند بچوں کو محظوظ کرسکیں۔

جے کے رولنگ کے علاوہ برطانیہ میں کئی دوسری اہم شخصیات کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکی ہیں جن میں سرفہرست نام وزیراعظم بورس جانسن کا ہے۔ وہ دو روز سے اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل ہیں اور انھیں سانس لینے میں مشکلات درپیش ہیں۔

ان سے پہلے برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے۔ لیکن اسکاٹ لینڈ میں اپنے گھر میں ایک ہفتہ تنہائی اختیار کرنے کے بعد وہ صحت یاب ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG