رسائی کے لنکس

شام پر اسراِئیلی فضائی حملوں میں تین فوجی ہلاک


اسرائیل اور شام کی سرحد پر نصب باڑ، فائل فوٹو
اسرائیل اور شام کی سرحد پر نصب باڑ، فائل فوٹو

اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز کہا ہے کہ اس نے گولان پہاڑیوں کی سرحد پر دھماکہ خیز مواد نصب کیے جانے کے جواب میں شام کے اندر ایرانی اور شامی اہداف پر فضائی حملے کیے ہیں۔

ایک فوجی ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے، شام کے سرکاری خبر رساں ادارے 'ثنا' نے کہا ہے کہ ان فضائی حملوں میں تین فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ ادارے نے ان حملوں کو اسرائیلی جارحیت قرار دیا ہے۔

اسرائیل نے اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا کہ ایک شامی دستے نے ایرانی افواج کی قیادت میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس کے جواب میں ذخیرہ کرنے کی تنصیبات، فوجی احاطے اور شامی میزایل بیٹریوں کو فضائی حملوں سے ہدف بنایا گیا۔

فوج نے کہا کہ وہ شام میں ایرانی اہداف کے خلاف کارروائی کے لئے تیار ہیں۔

ایران، شام کے صدر بشار الاسد کا اتحادی ہے اور اس نے ملک میں جاری خانہ جنگی میں شام کی فورسز کی مدد کے لئے فوجی مشیر اور اتحادی ملیشیا بھی بھیجی ہے۔

اسرائیل نے شام کے اندر ایران کی موجودگی روکنے کی کوششیں کی ہیں اور ایران سے منسلک اہداف پر حملے بھی کیے ہیں۔ اسرائیل نے 1967 میں گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کر لیا تھا اور پھر انہیں اپنے ملک میں ضم کر لیا۔ اس اقدام کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم نہیں کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG