پاکستان سپر لیگ میں پہلا میچ جیتنے کے اگلے دن لاہور قلندرز کی ٹیم پرانی روش پر آگئی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 72 رنز سے شکست کھا گئی۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز کا بڑا مجموعہ بنا ڈالا۔ کولن منرو نے 59 گیندوں پر 87 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ لیوک رانچی نے 31 گیندوں پر 48، کولن انگرم نے 29 اور آصف علی نے آؤٹ ہوئے بغیر 20 رنز بنائے۔
جواب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 127 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عثمان شنواری نے سب سے زیادہ 30 اور کل کے ٹاپ اسکورر بین ڈنک نے 25 رنز بنائے۔ ظفر گوہر اور رومان رئیس نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے 7 میچز میں اب 7 پوائنٹس ہیں جبکہ لاہور قلندرز نے 5 میچز میں صرف 2 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ ملتان سلطانز 5 میچز میں 8 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔
کل راولپنڈی میں دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔