رسائی کے لنکس

لاہور قلندرز، کوئٹہ کے بعد اسلام آباد کے خلاف بھی جیت کے لیے پُرعزم


اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف پہلے مقابلے میں ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف پہلے مقابلے میں ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان سپر لیگ کی سب سے مضبوط سمجھی جانے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دینے کے بعد لاہور قلندرز کا اگلا مقابلہ بدھ کو اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہے۔

کرکٹ حلقوں کو توقع ہے کہ ایونٹ میں پہلی اور شاندار کامیابی کے بعد آج کے میچ میں قلندرز جیت کے لیے تن من کی بازی لگا دیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 23 فروری کو کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کو شکست دی تھی اور اب اس کی کوشش ہو گی کہ قذافی اسٹیڈیم میں بھی قلندرز کو ہرا سکے۔

کوئٹہ کے خلاف کامیابی کے بعد قلندرز کے حوصلے بلند ہیں۔ بدھ کو قذافی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلوں کا ریکارڈ دیکھا جائے تو پی ایس ایل سیزن تین اور چار میں دونوں ٹیمیں پانچ میچز میں آمنے سامنے آئیں اور تمام میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ ہی کامیاب رہی

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ چھ میچ کھیل کر پانچ پوائںٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔ اسے صرف دو میچز میں کامیابی اور تین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کی وجہ سے نہ ہو سکا۔

لاہور قلندرز نے ایونٹ میں اب تک چار میچز کھیلے ہیں جن میں صرف ایک میں ہی کامیابی حاصل کی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر قلندرز دو پوائںٹس کے ساتھ آخری پوزیشن پر موجود ہیں۔

رواں سیزن کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے اب تک کھیلے گئے میچز میں سب سے اچھی بیٹنگ پرفارمنس لیوک رونکی کی رہی ہے۔ وہ پانچ میچز میں 38 اعشاریہ آٹھ کی اوسط سے 194 رنز اسکور کر چکے ہیں۔

اسلام آباد کے سب سے اچھی پرفارمنس دینے والے بالر فہیم اشرف ہیں جو اب تک پانچ میچز میں سات وکٹیں لے چکے ہیں۔

لاہور قلندرز کا بیٹنگ میں کرس لین، بین ڈنک، محمد حفیظ اور فخر زمان پر انحصار ہو گا جب کہ بالنگ کے شعبے میں شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویسے سب کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکواڈ کپتان شاداب خان، لیوک رونکی، عماد بٹ، آصف علی، طلعت حسن، محمد موسیٰ، رضوان حسین، ڈیل اسٹین، کولن انگرام، کولنگ منرو، رومان رئیس، ظفر گوہر، فلسالٹ، عاکف جاوید، سیف بابر احمد اور سیفی عبداللہ پر مشتمل ہے۔

لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں کپتان سہیل اختر، فخر زمان، کرس لین، سمت پٹیل، فیضان خان، ڈین ویلاس، بین ڈنک، محمد حفیظ، شاہین شاہ آفریدی، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف، سلمان بٹ، عثمان شنواری، پرسننا، زاہد علی، راجہ فرزان اور دلبر حسین شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG