ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ تہران پر عائد عالمی پابندیاں اٹھالے تو وہ اس سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
حسن روحانی نے اتوار کو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔ اگر امریکہ تہران پر عائد پابندیاں اٹھا لے اور 2015ء کے جوہری معاہدے پر واپس لوٹ آئے تو آج، ابھی اور کسی بھی مقام پر امریکہ سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
ایران کے صدر نے مزید کہا کہ اگر امریکہ اپنے تکبرانہ رویے پر نظرثانی کرے تو ہم بات چیت کے لیے ہمیشہ سے ہی تیار ہیں۔
انہوں نے امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جارحیت اور ظلم بند کریں اور پابندیاں اٹھا کر مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔
یاد رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان گزشتہ کئی برسوں سے کشیدگی جاری ہے جس میں اُس وقت اضافہ ہوا تھا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان 2015 میں ہونے والے جوہری معاہدے سے یک طرفہ طور پر علیحدگی اختیار کی تھی۔
امریکہ نے گزشتہ سال جوہری معاہدے سے دست بردار ہونے کے بعد ایران پر دوبارہ پابندیاں بحال کردی تھیں جس کے ردِ عمل میں تہران نے یورینیم افزودہ کرنے کی مخصوص حد سے تجاوز کرنے کا اعلان کیا تھا۔