ایران نے کہاہے کہ اس نے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کا ایک نیٹ ورک توڑ کر اس سے منسلک 30 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ہفتے کے روز ایران کی انٹیلی جنس کی وزارت کی جانب سے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر نشر کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی خفیہ ایجنسی نے ایک نیٹ ورک کا پتا لگایا جسے امریکی ادارے سی آئی اے نے ایران سمیت کئی دوسرے ملکوں میں قائم کر رکھا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے کا خفیہ نیٹ ورک بے روزگار ایرانی شہریوں کو بھرتی کرنے کی کوشش کررہاتھا۔
ایران کا کہنا ہے کہ بھرتی کیے جانے والے لوگوں سے یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ تعاون کے بدلے میں انہیں اعلیٰ تعلیمی مواقع اور روزگار فراہم کیا جائے گا۔
ایران عموماً ایسے افراد کی گرفتاری کے دعوے کرتا رہتاہے جو بقول اس کے غیر ملکی خفیہ اداروں سے منسلک ہوتے ہیں۔