رسائی کے لنکس

یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ ایران کا دورہ کریں گے


یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل، فائل فوٹو
یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل، فائل فوٹو

ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ 3 فروری کو ایران کا دورہ کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے چیف جوزف بوریل ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور دوسرے ایرانی عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

بوریل کے اس دورے کو یورپی یونین کی جانب سے تہران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 کے جوہری معاہدے کو بچانے کی تازہ ترین کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2018 میں یک طرفہ طور پر امریکہ کو ایران کے جوہری معاہدے سے الگ کر کے اس پر اقتصادی پابندیاں دوبارہ ناٖفذ کر دیں تھیں۔

معاہدے میں شامل باقی پانچ عالمی طاقتوں، یعنی برطانیہ، فرانس، جرمنی، چین اور روس نے معاہدہ برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

تہران نے امریکی پابندیوں کے بعد بتدریج معاہدے میں کیے گئے اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا تھا۔

امریکہ کی جانب سے جنوری میں عراق میں ایک اعلی ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران نے اعلان کیا تھا کہ اب وہ یورینیم کی افزودگی سے متعلق پابندیوں کا احترام نہیں کرے گا۔

بوریل نے 16 جنوری کو بھارت میں ایک کانفرنس کے دوران ایران پر یہ زور دینے کے لیے سائیڈ لائنز پر ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی تھی کہ وہ جوہری معاہدے کو بچانے پر توجہ دے۔

بوریل نے ایرانی وزیر خارجہ سے کہا تھا کہ مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر جوہری معاہدے کو برقرار رکھنے کی ضرورت جتنی اب ہے، پہلے کبھی نہیں تھی۔

XS
SM
MD
LG