رسائی کے لنکس

’معاہدے پر دستخط کے بعد ہمسایہ ملک افغانستان میں مداخلت سے باز رہیں‘


طالبان لیڈر ملا عبدالسلام ضعیف دوحہ میں وائس آف امریکہ کو خصوصی انٹرویو دے رہے ہیں۔ 28 فروری 2020
طالبان لیڈر ملا عبدالسلام ضعیف دوحہ میں وائس آف امریکہ کو خصوصی انٹرویو دے رہے ہیں۔ 28 فروری 2020

امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہونے میں محض چند گھنٹے باقی ہیں۔ ایسے میں افغان طالبان کا کہنا ہے کہ امریکہ سے معاہدے کے بعد وہ چاہتے ہیں پاکستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں۔

یہ بات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان رہنما ملا عبدالسلام ضعیف نے وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو میں کہی۔

ملا عبدالسلام ضعیف طالبان کے دورِ حکومت میں پاکستان میں افغانستان کے سفیر کے طور پر تعینات تھے، لیکن افغانستان میں امریکی حملے کے بعد انھیں اسلام آباد سے گرفتار کر کے امریکہ کے حوالے کیا گیا تھا۔

ملا ضعیف نے کہا کہ حالات بدل رہے ہیں اور دنیا کو اس بات کا احساس ہوا ہے کہ لڑائی کی بجائے بات چیت سے افغانستان کے مسئلے کو حل کیا جائے۔

طالبان رہنما کا کہنا تھا کہ افغانستان کے پر امن مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ خطے کے ممالک غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں۔

طالبان رہنما ملّا عبدالسّلام ہمسایہ ممالک سے کیا چاہتے ہیں؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:18 0:00

افغان طالبان کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہو رہے ہیں اور اس کے بعد بین الافغان مذاکرات کا دور شروع ہو گا۔

امن معاہدے میں پاکستان کا کردار

طالبان اور امریکہ کے درمیان امن معاہدے میں پاکستان کے کردار کے بارے میں طالبان رہنما ملا ضعیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا کردار یہ ہے کہ اس نے امن معاہدے کے لیے بات چیت کی حمایت کی۔

ملا ضعیف کے بقول ’’ماحول بدل گیا ہے۔ امریکہ اور اقوام متحدہ کی سوچ بھی بدلی ہے اور خطے کے تمام ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ لڑائی کا فائدہ نہیں ہے۔ فائدہ اسی میں ہے کہ ایک دوسرے کی عزت کی جائے۔ انھیں سمجھا جائے اور بات چیت کی جائے جس کا فائدہ سبھی کو ہو گا۔‘‘

انھوں نے کہا کہ حالات کچھ ایسے ہو گئے تھے جن کی وجہ سے اس امن معاہدے کے لیے پاکستان مرکزی کردار ادا نہیں کر پایا، لیکن پاکستان نے امن کے معاہدے کے لیے رکاوٹیں بھی کھڑی نہیں کیں۔

طالبان رہنما کا کہنا تھا کہ افغانستان میں لڑائی پاکستان سمیت خطے کے کسی ملک کے مفاد میں نہیں، کیونکہ اگر افغانستان میں امن آتا ہے تو اس کا پاکستان کو بھی فائدہ ہو گا۔

انھوں نے بتایا کہ افغانستان میں امریکی حملے کے بعد پاکستان پر دباؤ تھا کہ وہ افغان طالبان کے خلاف کارروائی کرے اور اسلام آباد میں افغانستان کے سفیر سمیت کئی طالبان کو پاکستان نے گرفتار کر کے امریکہ کے حوالے کیا۔ لیکن اُن کے بقول، طالبان نے حملوں اور دباؤ کے باوجود بھی ہتھیار نہیں ڈالے اور حالات کا مقابلہ کیا۔

ملا ضعیف کے مطابق، اب حالات بدل گئے ہیں اور امریکہ سمیت عالمی دنیا 18 سال سے جاری اس لڑائی کو ختم کرنا چاہتی ہے۔

طالبان لیڈر ملا عبدالسلام ضعیف دوحہ میں وائس آف امریکہ کو خصوصی انٹرویو دے رہے ہیں۔ 28 فروری 2020
طالبان لیڈر ملا عبدالسلام ضعیف دوحہ میں وائس آف امریکہ کو خصوصی انٹرویو دے رہے ہیں۔ 28 فروری 2020

امن کے لیے طالبان کی علاقائی ممالک سے توقعات

ملا عبدالسلام ضعیف نے بتایا کہ خطے کے ملک بھی اب افغانستان میں امن دیکھنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان سمیت تمام علاقائی ممالک کے مفاد ہے۔ انھیں توقع ہے کہ افغانستان کے معاملات میں غیر جانبدار رہیں گے اور امن معاہدے کے بعد افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ افغانستان کے عوام بھی طویل جنگ سے تھک چکے ہیں اور طالبان چاہتے ہیں کہ اسلامی قوانین کے تحت ایسا نظام لایا جائے جہاں سب کے برابری کے تحت حقوق ہوں اور کسی کی بھی حق تلفی نہ ہو۔

ملا ضعیف کے مطابق، پر امن افغانستان کا مستقبل بھی اس صورت میں ممکن ہے کہ جب انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔

امریکہ افغان طالبان معاہدے

افعانستان میں تشدد میں کمی کے سات روزہ عبوری معاہدے کے بعد افغان طالبان اور امریکہ کے 29 فروری کو قطر کے دارلحکومت دوحہ میں امن معاہدے پر دستخط کر رہے ہیں۔

اس معاہدے کے تحت امریکہ افغانستان سے اپنی افواج کو واپس بلائے گا اور طالبان اس بات کی ضمانت دیں گے کہ افغانستان کی سرزمین امریکہ یا کسی اور ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔

امن معاہدے کے فوری بعد بین الافغان مذاکرات کا دور شروع ہو گا۔

دوحہ میں اس وقت دنیا بھر کے صحافی موجود ہیں اور امن معاہدے پر دستخط کی تقریب دوحہ کے ایک ہوٹل میں ہوگی، جس میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیو، طالبان کی قیادت اور افغانستان حکومت کا وفد شرکت کر رہا ہے، جب کہ پاکستان سمیت علاقائی ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اس تقرہب میں شریک ہوں گے۔

طالبان لیڈر ملا عبدالسلام ضعیف دوحہ میں وائس آف امریکہ کو خصوصی انٹرویو دے رہے ہیں۔ 28 فروری 2020
طالبان لیڈر ملا عبدالسلام ضعیف دوحہ میں وائس آف امریکہ کو خصوصی انٹرویو دے رہے ہیں۔ 28 فروری 2020

ملا عبدالسلام ضعیف کون ہیں؟

افغانستان میں طالبان کی دورِ حکومت میں ملا عبدالسلام ضعیف پاکستان میں افغانستان کے سفیر کی حیثیت سے تعینات تھے۔

سن 2001 میں افغانستان میں امریکی حملے کے بعد انھیں اسلام آباد سے حراست میں لیا گیا اور سن 2005 تک وہ گوانتاناموبے جیل میں قید تھے۔ اُن کا نام اقوام متحدہ کی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں بھی شامل تھا۔

طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ابتدائی ادوار کے دوران اقوام متحدہ نے اُن کا نام دہشت گردوں کی فہرست سے خارج کر دیا تھا۔

  • 16x9 Image

    سارہ حسن

    سارہ حسن ملٹی میڈیا صحافی ہیں اور ان دنوں وائس آف امریکہ اردو کے لئے اسلام آباد سے ان پٹ ایڈیٹر اور کنٹری کوآرڈینیٹر پاکستان کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG