رسائی کے لنکس

’حادثے کی وجہ بوئنگ 737 میکس کا ڈیزائن ہے‘


بوئنگ 737 میکس (فائل فوٹو)
بوئنگ 737 میکس (فائل فوٹو)

انڈونیشیا کے حکام نے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے تیار کردہ 737 میکس طیارے کے ڈیزائن اور طیاروں کی نگرانی میں کوتاہیوں کو حادثے کی وجوہات قرار دیا ہے۔

امریکی اخبار 'وال اسٹریٹ جنرل' میں اتوار کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کی فضائی کمپنی لائن ایئر کے طیارے کو ​اکتوبر 2018 میں پیش آنے والے حادثے کی وجہ انڈونیشین حکام نے طیارے کے ڈیزائن کی غلطی قرار دیا ہے۔ اس حادثے میں 189 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

انڈونیشین فضائی کمپنی 'لائن ایئر' کے طیارے بوئنگ 737 میکس کی تباہی سے متعلق حتمی رپورٹ نومبر میں باقاعدہ طور پر جاری کی جائے گی۔

انڈونیشین 'لائن ایئر' کا طیارہ پچھلے سال اکتوبر میں جکارتہ ایئر پورٹ سے ٹیک آف کرنے کے چند منٹوں بعد ہی جاوا کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہوا تھا۔

انڈونیشین طیارہ حادثے کے بعد رواں سال مارچ میں ایتھوپین ایئر لائن کا بوئنگ 737 میکس طیارہ عدیس ابابا ایئر پورٹ سے ٹیک آف کرنے کے بعد تباہ ہو گیا تھا۔ جس میں 157 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ان دونوں حادثات کی ابتدائی تفتیش میں بوئنگ 737 میکس طیاروں میں 'ایم کیس اینٹی اسٹال سسٹم' میں خرابی کی تشخیص کی گئی تھی۔ جسے ان طیاروں کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا تھا۔

وال اسٹریٹ جنرل کا کہنا ہے کہ امریکی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) اور نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کو دی گئی ابتدائی رپورٹ میں انڈونیشیا کے حکام تبدیلی کر سکتے ہیں۔

امریکی حکام رواں ماہ کے آخر میں اس رپورٹ پر تبادلہ خیال کے لیے انڈونیشیا کا دورہ کریں گے۔ جس میں انڈونیشیا کے تحقیق کاروں نے حادثے سے متعلق 100 سے زائد وجوہات بیان کی ہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق این ٹی ایس بی کی طرف سے اس رپورٹ پر اعتراضات اٹھائے جانے کے امکانات کم ہیں۔ تاہم اخبار کا کہنا ہے کہ ایف اے اے اور بوئنگ کی طرف سے اس کے ڈیزائن اور بے قاعدگیوں پر بلا جواز زور دیا جاسکتا ہے۔

طیارہ ساز کمپنی 'بوئنگ' کے ترجمان کا خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کو کہنا ہے کہ ادارہ حادثے کی تحقیقات کی حمایت کرتا ہے۔ تاہم ایف اے اے اور این ٹی بی ایس کی طرف سے اس رپورٹ پر کوئی مؤقف نہیں دیا گیا۔

وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق این ٹی بی ایس، پائلٹ اور عملے کی تربیت کو بہتر بنانے اور ایف اے اے کی تصدیق کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے سفارشات کا اعلان رواں ماہ کے آخر میں کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق ایف اے اے کا قائم کردہ بین الاقوامی ریگولیٹرز کا ایک پینل بھی آنے والے ہفتوں میں بوئنگ اور ایجنسی کے درمیان تعلقات کے بارے میں تنقیدی رپورٹ پیش کر سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG