چین نے چینی فضائی کمپنیوں کے زیر استعمال تمام بوئنگ 737 میکس 8 طیاروں کی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چین کی شہری ہوا بازی کی انتظامیہ کی طرف سے یہ اعلان نیروبی میں ایتھوپین ائیرلائنز کے بوئنگ 737 مسافر بردار جہاز کے حادثے کے بعد سامنے آیا ہے۔
اتوار کو ہونے والے اس حادثے میں طیارے میں سوار تمام 157 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد ائیر لائن نے اپنے باقی بوئنگ 737 میکس 8 کی پروازیں معطل کر دی ہیں۔
بوئنگ 737 میکس 8 طیارے کی پروازیں 2017 میں پہلی بار شروع ہوئی تھیں۔ اُس وقت سے اس طیارے کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے۔
گزشتہ سال اکتوبر میں انڈونیشیا کی ایک نجی ائیر لائن کا طیارہ 737 میکس 8 اڑان بھرنے کے 13 منٹ کے بعد جکارتہ میں گر کر تباہ ہو گیا اور جہاز پر عملے اور مسافروں سمیت 189 افراد ہلاک ہو گئے۔
چین کی شہری ہوابازی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ چین کی فضائی کمپنیوں کو پیر کو مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے تک 737 میکس 8 جہازوں کا استعمال معطل کر دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
737 میکس 8 ایک نیا طیارہ ہے اور پہلی بار 2017 میں اس طیارے کا تجارتی استعمال شروع ہوا۔
چین کی شہری ہوابازی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ بوئنگ کمپنی اور امریکہ کی شہری ہوابازی کی وفاقی انتظامیہ سے بات کرنے کے بعد چینی فضائی کمپنیوں کو مطلع کرے گی کہ وہ کب ان طیاروں کی پروازیں دوبارہ شروع کر سکتی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چین کی شہری ہوابازی کی انتظامیہ نے ایک یبان میں کہا ہے، ’’بوئنگ 737- میکس 8 کے دو نئے طیاروں کو اڑان بھرنے کے دوران حادثہ پیش آنا ایک مماثلت کو ظاہر کرتا ہے ۔"
چینی شہری ہوابازی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بوئنگ 737 میکس 8 کی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ شہری ہوابازی کے تحفظ کے اصولوں کے تحت کیا گیا ہے۔
دوسری طرف بوئنگ کمپنی کے ترجمان نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ چینی شہری ہوابازی کی انتظامیہ کے مطابق چینی فضائی کمپنیوں کے پاس زیر استعمال بوئنگ 737 میکس 8 طیاروں کی تعداد 96 ہے۔
دوسری طرف ایتھوپین ائیر لائنزکا کہنا ہے کہ اگرچہ اتوار کو ہونے والے حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہے تاہم فضائی کمپنی نے "اضافی حفاظتی احتیاط کے پیش نظر‘‘ 737 میکس 8 طیاروں کی پروازیں تاحکم ثانی معطل کر دی تھیں۔