بھارت کے جنوبی حصے میں واقع آتش بازی کا سامان بنانے کی ایک فیکٹری میں اچانک دھماکے سے 9 کارکن ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ دھماکہ کارکنوں کے اپنی ڈیوٹی پر پہنچنے کے فوری بعد ہوا۔
ریاست تلنگانہ کے ضلع وارنگال میں قائم آتش بازی کی مصنوعات بنانے کی فیکٹری میں کارکنوں کے داخل ہوتے ہی دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
پولیس کے ترجمان موہن کرشنا نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ فیکٹری سے 9 نعشیں ملی گئی ہیں جب کہ چار افراد زخمی ہیں جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔
ویڈیو فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ فیکٹری کے احاطے سے سیاہ گہرے دھوئیں کے بادل بلند ہو رہے ہیں اور دھماکے کی وجہ سے فیکٹری کاگیٹ ٹوٹ پھوٹ چکا ہے۔
فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور شعلوں میں گھرے ہوئے مزوروں کو بچانے کی کوشش کی ، لیکن کئی ایک نعشیں شناخت کے قابل نہیں رہیں۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آگ امکانی طور پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔
اس سال جنوری کے مہینے میں نئی دہلی میں واقع پلاسٹک کی مصنوعات بنانے والی ایک فیکٹری میں آتش زدگی سے 17 کارکن ہلاک ہو گئے تھے ، اور پچھلے سال نومبر میں شمالی شہر لدھیانہ میں ایک ایسے ہی واقعہ میں 13 افراد موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔