رسائی کے لنکس

ممبئی: ریستوران میں آتش زدگی سے 15 افراد ہلاک

آتش زدگی سے تباہ ہونے والے ریستوران کا ایک منظر
آتش زدگی سے تباہ ہونے والے ریستوران کا ایک منظر

ممبئی کے وسطی علاقے کمالا ملز میں واقع متاثرہ عمارت میں کئی مہنگے ریستوران اور کئی نیوز چینلز کے دفاتر بھی قائم تھے جہاں آگ کی اطلاع پھیلتے ہی بھگدڑ مچ گئی۔

بھارت کے شہر ممبئی کے ایک ریستوران میں لگنے والی آگ سے کم از کم 15 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

ممبئی کے محکمۂ فائر بریگیڈ کے ایک افسر بال کرشنا کدام نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ آگ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ایک بجے چار منزلہ عمارت کی چھت پر قائم ریستوران میں لگی جس نے آدھے گھنٹے کے اندر ہی پورے ریستوران اور عمارت کی بالائی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ممبئی کے وسطی علاقے کمالا ملز میں واقع متاثرہ عمارت میں کئی مہنگے ریستوران اور کئی نیوز چینلز کے دفاتر بھی قائم تھے جہاں آگ کی اطلاع پھیلتے ہی بھگدڑ مچ گئی۔

آگ کے باعث تین ٹی وی چینلز کے دفاتر اور سامان کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

بعض عینی شاہدین نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ آگ بھڑکنے کے وقت ریستوران میں ایک سالگرہ منائی جارہی تھی جس کے باعث وہاں خاصا رش تھا۔

ہلاک شدگان میں وہ 28 سالہ نوجوان بھی شامل ہے جس کی سالگرہ کی تقریب ہورہی تھی۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 11 خواتین بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق تاحال آتش زدگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے اور اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

XS
SM
MD
LG