رسائی کے لنکس

بلنکن کا امریکی صحافی کی رہائی کے لیے روسی وزیر خارجہ کو ٹیلی فون


 وال اسٹریٹ جرنل کے رپورٹر ایوان گرشکووچ 30 مارچ 2023 کو ماسکو میں لیفورٹوسکی کورٹ میں سیکیورٹی افسرکے ساتھ۔ فائل فوٹو
وال اسٹریٹ جرنل کے رپورٹر ایوان گرشکووچ 30 مارچ 2023 کو ماسکو میں لیفورٹوسکی کورٹ میں سیکیورٹی افسرکے ساتھ۔ فائل فوٹو

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے روس کے وزیر خارجہ پر زور دیا ہے کہ وہ جاسوسی کے الزام میں گزشتہ ہفتے حراست میں لیے گئے امریکی صحافی ایون گیرشکووچ کو رہا کریں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک بیان کے مطابق جس میں گیرشکووچ کا براہ راست نام نہیں لیا گیا، بلنکن نے ایک امریکی صحافی کی ’’ روس کی جانب سے ناقابل قبول حراست پر امریکہ کی شدید تشویش ظاہر کی‘‘۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کال کے دوران، بلنکن نے روس سے صحافی اور سابق میرین پال وہیلان کی فوری رہائی کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا، جو جاسوسی کے الزام میں روس میں زیر حراست ہیں۔

روس کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ لاوروف نے کال کے دوران بلنکن کو بتایا کہ واشنگٹن کو گرفتاری پر سیاست نہیں کرنی چاہیے اور کہا کہ عدالت گیرشکووچ کی قسمت کا تعین کرے گی۔

لاوروف نے پچھلے ہفتے روسی حکام کی طرف سے کیے گئے ان دعوؤں کو دہرایا کہ صحافی کو ’’رنگے ہاتھوں ‘‘ پکڑا گیا تھا لیکن اس دعوے کے لیے ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔

اتوار کی کال بلنکن اور لاوروف کے درمیان براہ راست رابطے کا ایک اہم موقع تھا، کیونکہ ان دونوں کے درمیان فروری 2022 میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے کوئی باقاعدہ رابطہ نہیں ہے۔

وال سٹریٹ جرنل کے رپورٹر گیرشکووچ کو گزشتہ بدھ کو روسی دارالحکومت سے تقریباً 800 میل کے فاصلے پر واقع شہر یکاترنبرگ سے حراست میں لیا گیا تھا۔

جمعہ کو ماسکو کی ایک عدالت نے گیرشکووچ کو 29 مئی تک مقدمے سے پہلے حراست میں رکھنے کا حکم دیا۔ اسے ماسکو کی لیفورٹوو جیل میں رکھا گیا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی ایڈیٹر ان چیف ایما ٹکر نے گیرشکووچ کے خلاف الزامات کی تردید کی ہے۔

جرنل میں شامل ہونے سے پہلے، گیرشکووچ نے اے ایف پی کے لیے ماسکو میں کام کیا اور ماسکو ٹائمز کے رپورٹر کے طور پر تین سال گزارے۔ وہ نیویارک ٹائمز میں نیوز اسسٹنٹ بھی تھے۔

(وی او اے نیوز)

XS
SM
MD
LG