رسائی کے لنکس

ٹوئٹر کی چڑیا 'کتے' میں کیسے تبدیل ہوگئی؟


مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر پر آئے روز کچھ نہ کچھ تبدیلی نظر آتی رہتی ہے، کبھی یہ تبدیلی بلیو ٹک سے متعلق ہوتی ہے تو کبھی کسی اور فیچر سے متعلق مگر اس مرتبہ جو تبدیلی ہوئی ہے وہ کافی مختلف ہے۔

اگر آپ ٹوئٹر کا ویب ورژن استعمال کرتے ہیں تو آپ کو یہ تبدیلی واضح نظر آئے گی۔ یہ تبدیلی کمپنی کے 'لوگو' پر موجود 'چڑیا' کی شکل کی تبدیلی کی ہے۔

ٹوئٹر پر کمپنی کے لوگو 'برڈ' کی جگہ ایک 'کتے' کی تصویر لگادی گئی ہے۔یہ ٹوئٹر کا مستقل لوگو ہے یا عارضی اس بارے میں ابھی معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ لوگو تبدیلی کے معاملے پر ٹوئٹر کا باضابطہ طور پر ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

مگر یہ تبدیلی ہوئی کیسے؟

ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے پلیٹ فارم پر کرپٹو کرنسی 'ڈوج کوائن' کے لوگو پر موجود 'شیبا اینو' کتے کی تصویر لگائی گئی ہے۔

یہ تبدیلی جمعے کو ہونے والی اس سماعت کے بعد ہوئی ہے جس میں ٹوئٹر کمپنی کے مالک ایلون مسک نے دھوکہ دہی کے ایک مقدمے میں جج سے مقدمہ خارج کرنے کی اپیل کی۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایلون مسک نے 258 ارب ڈالر کے مقدمے کو خارج کرنے کی استدعا کی تھی جس میں مسک پر ڈوج کوائن کی قیمت بڑھانے کے لیے دھوکہ دہی کا الزام ہے۔

مسک اور ان کی کمپنی کےوکلا نے ڈوج کوائن کے سرمایہ کاروں کی جانب سے مسک پر ڈوج کوائن سے متعلق "معصوم اور اکثر احمقانہ ٹوئٹس" پر مقدمے کو "فکشن کا ایک غیرمعمولی کام" قرار دیا۔

وکلا کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں نے کبھی نہیں بتایا کہ ایلون مسک نے کس طرح دھوکا دہی کی کوشش کی۔

اس سماعت کے بعد پیر کو ٹوئٹر کا لوگو تبدیل کردیا گیا اور ایلون مسک نے ایک اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جیسا وعدہ کیا گیا تھا۔

اس اسکرین شاٹ میں ایلون مسک کو ڈبلیو ایس بی چیئرمین نامی اکاؤںٹ سے کہا گیا تھا کہ ٹوئٹر خرید لیں اور اس کے برڈ لوگو کو ڈوج سے تبدیل کردیں۔

اسی طرح ایلون مسک نے ایک میم بھی شیئر کی جس میں ایک پولیس اہل کار بظاہر گاڑی کا لائسنس دیکھ رہا ہے جس میں ٹوئٹر کا برڈ لوگو لگا ہے جب کہ گاڑی میں موجود شیبا اینو کو کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ یہ پرانی تصویر ہے۔

ایلون مسک کے اس اقدام کے بعد ٹوئٹر پر روس کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کچھ میمز بھی شیئر کی گئی۔ ان میمز میں شیبا اینو کی تصویر کے ساتھ مختلف ڈیزائن بنائے گئے تھے۔

ڈوج کوائن کی قیمت میں اضافہ

ٹوئٹر کے لوگو کی تبدیلی کے بعد 'ڈوج' کوائن کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

نشریاتی ادارے سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق لوگو کی تبدیلی کے بعد ڈوج کوائن کی قیمت میں 30 فی صد سے زیادہ اضافہ ہوا۔

ڈوج کوائن کو دسمبر 2013 میں دو سافٹ ویئر انجینئرز کی جانب سے ایک 'جوک' کے طور پر بنایا گیا تھا۔ کوائن مارکیٹ کیپ ویب سائٹ کے مطابق ڈوج کوائن دنیا کی 10 سب سے قیمتی کرپٹو کرنسیز میں سے ایک ہے جس کا مارکیٹ کیپ 13 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فروری میں ایلون مسک نے جاپانی 'شیبا اینو' نسل کے کتے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ٹوئٹر کے نئے سی ای او بہترین ہیں۔ ایلون مسک کے پاس شیبا اینو نسل کا کتا ہے جس کو وہ فلوکی کے نام سے پکارتے ہیں۔

اس خبر میں بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG