رسائی کے لنکس

شکیب الحسن پر 2 سال کی پابندی عائد


شکیب الحسن (فائل فوٹو)
شکیب الحسن (فائل فوٹو)

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن پر کرپشن میں ملوث ہونے پر دو سال کی پابندی عائد کردی ہے۔

آئی سی سی نے منگل کو جاری بیان میں کہا ہے کہ شکیب الحسن اینٹی کرپشن کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ہیں جس کا وہ اعتراف بھی کرچکے ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق شکیب الحسن پر تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے اور وہ دو سال تک بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

شکیب الحسن کو آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کی جن شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ان میں 2.44 بھی شامل ہے جس کے مطابق جنوری 2018 میں سٹے بازوں نے ان سے رابطے کیے جس کی تفصیلات وہ اینٹی کرپشن یونٹ کو دینے میں ناکام رہے۔

شق کے مطابق شکیب الحسن کو کرپشن کے لیے دعوت دی گئی اور اس کی مکمل تفصیلات انہوں نے فراہم نہیں کی۔

شق 2.44 کے مطابق 2018 کے آئی پی ایل ایڈیشن میں سن رائزز حیدرآباد اور کنگز الیون پنجاب کی ٹیموں کے درمیان 26 اپریل کو کھیلے گئے میچ میں انہیں کرپشن کی دعوت دی گئی اس کی بھی تفصیلات انہوں نے اینٹی کرپشن یونٹ کو فراہم نہیں کیں۔

آئی سی سی کے مطابق شکیب الحسن نے تمام الزامات کا اعتراف کیا ہے جس پر انہیں دو سال کی سزا سنائی گئی۔ تاہم اگر وہ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو اعتماد میں لینے میں کامیاب رہے تو وہ 29 اکتوبر 2020 سے دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ کھیل سکیں گے۔

شکیب الحسن نے آئی سی سی کی پابندی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ آئی سی سی کو مکمل تفصیلات بتانے میں ناکام رہے تاہم وہ اپنے اوپر لگنے والی پابندی کو قبول کرتے ہیں۔

شکیب الحسن کے بقول، وہ کرکٹ کو کرپشن سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں جس کے لیے وہ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ سے رابطے میں رہیں گے اور چاہیں گے کہ نئے آنے والے کھلاڑی وہ غلطی نہ کریں جو ان سے سرزد ہوچکی ہے۔

آئی سی سی کے جنرل منیجر الیکس مارشل کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور وہ کرکٹ کو کرپشن سے پاک کرنے کے متعدد تربیتی کورسز کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ اُنہیں سٹے بازوں کے رابطوں سے متعلق اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کرنا چاہیے تھا۔

اُن کے بقول شکیب الحسن نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مکمل تعاون کریں گے۔

یاد رہے کہ ماضی میں سٹے بازوں سے رابطوں اور سٹے بازی کے جرم میں متعدد کھلاڑی سزا کا سامنا کر چکے ہیں۔ جن میں پاکستان کے فاسٹ بالر محمد عامر، سلمان بٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔

شکیب الحسن اب تک بنگلہ دیش کی جانب سے 56 ٹیسٹ، 206 ون ڈے اور 76 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG