انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کی بہتری کے لئے قوانین میں دی گئی سزائیں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لئے نیا ’کوڈ آف کنڈکٹ‘ (ضابطہ اخلاق)، 'ڈی ایل ایس سسٹم' کا اپ ڈیٹ ورژن اور 'پلے انگ کنڈیشنز' متعارف کرا دی گئیں۔
آئی سی سی نے نئے ضابطہ اخلاق میں غیر مقبول قانون ’ڈک ورتھ۔ لوئس۔اسٹرن (ڈی ایل ایس) سسٹم' کو بھی اپ ڈیٹ کیا ہے جس کا اطلاق اتوار 30 ستمبر سے ہوگا۔
ضابطہ اخلاق میں بعض نئی خلاف ورزیاں متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ بعض موجودہ خلاف ورزیوں کے سطح میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، جس میں 'بال ٹمپرنگ' کے لیول میں تبدیلی بھی شامل ہے، جسے اب 2 سے بڑھا کر 3 کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نئے ضابطہ اخلاق میں ’غیر منصفانہ فائدہ' حاصل کرنا جیسے 'بال ٹمپرنگ' کے علاوہ کسی اور قسم کی دھوکا دہی، ذاتی نوعیت کی غیر مہذب زبان لیول 2 اور 3 کی خلاف ورزی تصور کی جائے گی جبکہ ’امپائر کی ہدایت نہ ماننا‘ لیول ون کی خلاف وزری شمار ہوگا۔
لیول 3 کی خلاف ورزی کی صورت میں زیادہ سے زیادہ پابندی بڑھاکر 8 سے 12 معطلی پوائنٹس کردی گئی ہے، یعنی ( 6ٹیسٹ میچز یا 12 ایک روزہ میچز کے برابر)۔
نئے ضابطہ اخلاق میں میچ ریفری اب جوڈیشل کمشنر کے ساتھ 1 ،2 اور 3 لیول کے چارجز کی سماعت کرسکے گا جو صرف لیول 4 کے چارچز اور اپیل کی سماعت کرتا ہے۔
ڈیل ایل ایس سسٹم میں اپ ڈیپ
سن2014 میں بین الاقوامی کرکٹ میں متعارف کرائے گئے 'ڈی ایل ایس سسٹم' کو دوسری مرتبہ اپ ڈیٹ کیا گیا ہے، ان اپ ڈیٹس کا اطلاق اتوار 30 ستمبر کو کمبرلے میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان ایک روزہ بین الاقوامی میچ سے ہوگا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یہ اپ ڈیٹ گزشتہ چار سال کے دوران کھیلے گئے محدود اوورز کے بین الاقوامی میچوں میں 'پاورپلے' سمیت اسکورنگ پیٹرن کے 'بال۔بائی۔بال' تجزئیے کے بعد کی گئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ حالیہ تجزیہ 700 ایک روزہ بین الاقوامی اور 428ٹی 20 میچز کے دوران حاصل کی گئیں معلومات کی بنیاد پر ہے۔
آئی سی سی پلے انگ کنڈیشنز
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ 2019ء میں ایک سال سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔ لہٰذا، موجودہ پلے انگ کنڈیشنز میں کوئی بڑی تبدیلیاں نہیں کی گئی ہیں۔
چند معمولی تبدیلیوں میں ’میچ مجوزہ دورانیہ سے پہلے مکمل کرنے کی اجازت‘ اور ’دستیاب پلے انگ ایریا کے سرے سے باؤنڈری روپ 10میٹر سے زائد رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی، جب تک باؤنڈری لائن پچ کے سینٹر سے زیادہ سے زیادہ 90 میٹر نہ ہو‘ شامل ہیں۔