رسائی کے لنکس

ایمپائروں سے الجھنے پر رکی پونٹنگ پر جرمانہ عائد

فیصلے کے خلاف رکی پونٹنگ ایمپائر علیم ڈار سے بحث کررہے ہیں
فیصلے کے خلاف رکی پونٹنگ ایمپائر علیم ڈار سے بحث کررہے ہیں

ایشز سیریز کے اس میچ میں آسٹریلوی وکٹ کیپربراڈ ہیڈن نے برطانوی بلے باز پیٹرسن کو وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہونے کی اپیل کی جسے ایمپائر علیم ڈار نے مسترد کردیا۔ اس پر پونٹنگ نے فیلڈ ایمپائروں سے استفسار کیا کہ یہ کیسے آؤٹ نہیں ہے۔ بعد ازاں تھرڈ ایمپائر نے بھی پیٹرسن کو ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی نے آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کو ایمپائر وں کے ساتھ بحث میں الجھنے پر میچ فیس کا چالیس فیصد جرمانہ عائد کیاہے۔

یہ اقدام پیر کو ملبورن میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے دوران برطانوی کھلاڑی کو ناٹ آؤٹ قرار دیے جانے پر رکی پونٹنگ کی طرف سے فیلڈ ایمپائر وں کے فیصلے پر اعتراض اور بعد ازاں بحث کے تناظر میں اٹھایا گیا۔

آئی سی سی نے رکی پونٹنگ کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ وہ کھیل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں ۔

تنظیم کے انضباطی عہدیدار رنجن مدوگالے کے مطابق ”پونٹنگ کا بحیثیت کپتان ایسا فعل ناقبل قبول ہے اور انھیں کپتان ہونے کے ناطے دوسروں کے لیے مثال قائم کرنی چاہیے ناکہ وہ ایمپائر کے فیصلوں پر لمبی چوڑی بحث میں ملوث ہوں اور ان پر اعتراض کریں“۔

مدوگالے کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی کپتان نے اپنے رویے پر معذرت کی ہے۔

ایشز سیریز کے اس میچ میں آسٹریلوی وکٹ کیپربراڈ ہیڈن نے برطانوی بلے باز پیٹرسن کو وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہونے کی اپیل کی جسے ایمپائر علیم ڈار نے مسترد کردیا۔ اس پر پونٹنگ نے فیلڈ ایمپائروں سے استفسار کیا کہ یہ کیسے آؤٹ نہیں ہے۔ بعد ازاں تھرڈ ایمپائر نے بھی پیٹرسن کو ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔

ایمپائر علیم ڈار کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ اپنے فیصلوں کی وجہ سے دنیائے کرکٹ میں بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ ان کی طرف سے تھرڈ ایمپائر کو بھیجے گئے چودہ فیصلوں میں سب درست ثابت ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG