رسائی کے لنکس

طوفان 'مریا' سے پورٹو ریکو میں تباہی


طوفان سے پورٹو ریکو پر ہونے والی تباہی کا ایک منظر
طوفان سے پورٹو ریکو پر ہونے والی تباہی کا ایک منظر

طوفان کے تحت چلنے والی ہواؤں کی رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تھی اور یہ گزشتہ 90 برس میں پورٹو ریکو سے ٹکرانے والا شدید ترین طوفان تھا۔

بحرِ اوقیانوس میں جنم لینے والا شدید طوفان 'مریا' پورٹو ریکو میں تباہی مچانے کے بعد ڈومینیکن ری پبلک سے ٹکرا گیا ہے۔

'کیٹیگری 4' شدت کے طوفان نے بدھ کو امریکہ کے زیرِ انتظام علاقے پورٹو ریکو کو نشانہ بنایا تھا۔

طوفان کے تحت چلنے والی ہواؤں کی رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تھی اور یہ گزشتہ 90 برس میں پورٹو ریکو سے ٹکرانے والا شدید ترین طوفان تھا۔

اس سے قبل رواں ماہ آنے والا سمندری طوفان 'ارما' پورٹو ریکو کے نزدیک سے گزر گیا تھا جس کے باعث جزیرے پر زیادہ نقصان نہیں ہوا تھا۔

لیکن 'مریا' کے باعث پورٹو ریکو پر خاصی تباہی ہوئی ہے جہاں کئی عمارتوں کی چھتیں اڑ گئی ہیں، بیشتر علاقوں میں بجلی کی ترسیل منقطع ہے جب کہ سڑکیں کاٹھ کباڑ اور ملبے سے اٹی ہوئی ہیں۔

امریکہ کے 'نیشنل ہری کین سینٹر' نے پورٹو ریکو کے پورے جزیرے کے لیے سیلابی وارننگ جاری کی ہے اور جزیرے پر آباد 34 لاکھ افراد کو خبردار رہنے کا کہا ہے۔

سینٹر کے مطابق طوفان کے باعث پورٹو ریکو میں جمعے تک 20 سے 30 انچ تک طوفانی بارشیں ہوں گی جس کے باعث جزیرے کے بیشتر علاقے زیرِ آب آسکتے ہیں۔

پورٹو ریکو کے گورنر ریکارڈو روزیلو کے مطابق طوفان سے جزیرے پر اب تک ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

بدھ کی شب امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر روزیلو نے کہا کہ طوفان جزیرے کے لیے ایک بڑی قدرتی آفت ثابت ہوا ہے جس سے متاثر ہونے والے بجلی کی ترسیل کے نظام کی بحالی میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

بدھ کو طوفان کے پورٹو ریکو سے ٹکرانے کے موقع پر حکومت نے پورے جزیرے پر صبح سے رات گئے تک کرفیو نافذ کردیا تھا تاکہ لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے سے روکا جاسکے۔

'مریا' اس سے قبل کیریبئن جزائر میں خاصی تباہی مچا چکا ہے جہاں طوفان کے باعث اب تک 10 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

'نیشنل ہریکین سینٹر' کے مطابق پورٹو ریکو سے ٹکراتے وقت 'مریا' کی شدت میں کمی آئی تھی لیکن جمعرات کی صبح اس کی شدت میں دوبارہ اضافہ ہوگیا ہے۔

سینٹر کے مطابق طوفان کے باعث چھ فٹ تک بلند لہریں ڈومینیکن ری پبلک کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتی ہیں۔

سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ ڈومینیکن ری پبلک سے ٹکرانے کے بعد طوفان مزید شدت اختیار کرسکتا ہے جس کے باعث اس کے راستے میں پڑنے والے دیگر کیریبئن جزائر کے لوگوں کو انتہائی احتیاط برتنا ہوگی۔

تاحال ایسی کوئی علامت نہیں کہ 'مریا' امریکہ کے جنوبی یا مشرقی ساحلی ریاستوں سے بھی ٹکرائے گا۔

'مریا' نے پیر کی شام جس وقت کیریبین کے مشرقی جزیرے ڈومینیکا کو نشانہ بنایا تھا اس وقت اس کی شدت پانچ تھی جو انتہائی شدید طوفان کو ظاہر کرتی ہے۔

طوفان کے بعد کیے جانے والے فضائی سروے کے مطابق طوفان سے ڈومینیکا کی 95 فی صد عمارتوں کی چھتیں اڑ گئی ہیں جس کے باعث جزیرے کی 73 ہزار کی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

طوفان سے کیریبئن کے بہت سے ان جزائر پر بھی بڑی تباہی ہوئی ہے جنہوں نے دو ہفتے قبل ہی طوفان 'ارما' کا سامنا کیا تھا۔

'ارما' کو بحرِ اوقیانوس میں جنم لینے والا تاریخ کا شدید ترین طوفان قرار دیا گیا تھا جس کے باعث کیریبئن جزائر اور امریکی ریاست فلوریڈا میں کم از کم 84 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG