نیا سمندری طوفان، ’ماریا‘ پیر کی رات گئے مارٹنیک اور ڈومنکا سے ٹکرائے گا، یہ تقریباً وہی علاقہ ہے جہاں سے اِس سے قبل سمندری طوفان ’ارما‘ گزرا اور تباہ کاری پھیلائی۔
سمندری طوفانوں کی پیش گوئی پر مامور امریکی مرکز نے بتایا ہے کہ ماریا کے نتیجے میں تقریباً 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ چلیں گے، ایسے میں جب طوفان لیوراڈ جزیروں کی جانب بڑھے گا۔ تاہم، پیش گوئی کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ پیر کے روز اس کی رفتار میں شدت آنے کا امکان ہے۔
منگل کے دِن طوفان سینٹ کِٹس، نیوس اور مونسراٹ سے ٹکرائے گا۔ ماہرین نے بتایا ہے کہ انگیلا اور سینٹ مارٹن اس کی زد میں ہوں گے؛ ساتھ ہی ماہرین نے امریکہ اور برطانوی ’ورجن آئی لینڈز‘ کو طوفان کے بارے میں انتباہ جاری کیا ہے۔
میامی میں واقع ’نیشنل ہریکین سینٹر‘ کے ایک ماہر، ڈینس فیلجن نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’’بدقسمتی سے اس سے کئی ایک جزیرے متاثر ہوں گے، جہاں ایک ہفتہ یا 10 روز قبل ارما شدید نقصان پہنچا چکا ہے‘‘۔
اُنھوں نے کہا کہ ’’یہ بالکل ہی یکساں راستہ نہیں ہے۔ لیکن، یہ تقریباً وہی گزرگاہ ہے، جس کے نتیجے میں صورت حال مزید بگڑنے کا اندیشہ لاحق ہو سکتا ہے‘‘۔
ارما کی وجہ سے بربودا کی تقریباً تمام عمارتیں تباہ ہوئیں اور حکومت جزیرے سے لوگوں کے انخلا پر مجبور ہوئی۔
ارما کے نتیجے میں کریبین میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوئے، جب کہ مزید نو افراد اُس وقت ہلاک ہوئے جب ارما امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرایا۔