پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک نے منگل کو صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
ایوان صدر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے پاک امریکہ اسٹریٹیجک مذاکرات ، دہشت گردی کے خلاف جنگ ، پاکستان کو واجب الادا اتحادی اعانت فنڈ کی ادائیگی ، قبائلی علاقوں میں روزگار کے مواقع پید ا کرنے کے لیے مراکز کے قیام اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
پاکستان اور امریکہ کے درمیان گذشتہ ہفتے واشنگٹن میں اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا تیسرا دور ہوا تھا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی اور وطن واپسی پر اُنھوں نے مذاکرات کو انتہائی کامیاب قرار دیا تھا۔
اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے اختتام پر امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دو ارب ڈالر امداد دینے کے منصوبے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس امداد کے لیے کانگریس سے منظوری لی جائے گی اور یہ 2012ء سے 2016ء کے درمیان پاکستان کو فراہم کی جائے گی۔ امریکہ کی طرف سے اعلان کردہ دوارب ڈالر کی امداد پاکستان کے لیے کیری لوگر بل کے تحت پہلے سے منظور کی گئی ساڑھے سات ارب ڈالر کی غیر فوجی امداد کے علاوہ ہو گی۔