رسائی کے لنکس

رچرڈ ہالبروک کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ


رچرڈ ہالبروک اور پاکستانی وزیراعظم گیلانی (فائل فوٹو)
رچرڈ ہالبروک اور پاکستانی وزیراعظم گیلانی (فائل فوٹو)

پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک بدھ کو کراچی پہنچے ہیں ۔ ہوائی اڈے پر ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو میں اُنھوں نے کہا کہ وہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاری کا براہ راست جائزہ لینے کے لیے پاکستان آئے ہیں۔

”ہم پاکستانی شہریوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ امریکہ امداد فراہم کرنے والا سب سے پہلا ملک ہے اور ہم نے سب سے زیادہ امداد فراہم کی ہے“۔ان کے مطابق امریکی عوام بشمول پاکستانی نژاد امریکی شہری اس سلسلے میں متحرک ہے۔

ہالبروک نے بتایا کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے بعد جمعرات کو اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وہ نیو یارک جائیں گے جہاں وہ امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کے ساتھ پاکستان کی صورتحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ میں منعقد ہونے والے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق رچر ڈ ہالبرو ک ، وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کے اس عزم کے اعادے کے لیے کہ امریکہ سیلاب زدہ علاقوں میں گھروں ، اسکولوں ، سڑکوں اور کاروبار کی بحالی میں پاکستانی عوام کا ساتھ دے گا، پاکستان میں قیام کے دوران سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملیں گے۔

پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے اب تک سب سے زیادہ امداد امریکہ نے فراہم کی ہے ۔ مجموعی طور پر امریکہ نے 26 کروڑ ڈالر سے زائد امداد دی ہے جب کہ اس کے فوجی ہیلی کاپٹر اور درجنوں اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

XS
SM
MD
LG