رسائی کے لنکس

ہنگو : خودکش کار بم دھماکے میں کم ازکم 10 ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

صوبہ خیبر پختون خواہ کے جنوبی ضلع ہنگو میں جمعرات کو خودکش کار بم دھماکے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت کم ازکم 10 افراد ہلاک اور کم ازکم
25 زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو ہنگو اور پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ہنگو کے ضلعی رابطہ افسر عادل صدیق نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ دھماکا ہنگو بائی پاس کے قریب بارود سے بھری گاڑی میں اُس وقت دھماکا کیا جب پولیس کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔

اُنھوں نے بتایا کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریب ہی واقع متعدد دکانیں اور کئی مکان منہدم ہوگئے جب کہ بعض گھروں کو جزوی نقصان بھی پہنچا ہے۔ دھماکے کی جگہ تقریباً آٹھ فٹ گہرا گڑھا بن گیا اور حکام کے مطابق اس میں لگ بھگ تین سو کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔

اس دھماکے کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن ملک کے قبائلی علاقوں سے ملحقہ ضلع ہنگو میں اس سے قبل بھی شدت پسند اس علاقے میں حملے کرتے آئے ہیں۔

دریں اثناء پشاور سے ملحقہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں شدت پسندوں نے مقامی خاصہ دار فورسز کی گاڑی پر خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا ہے جس میں اطلاعات کے مطابق خاصہ دار فورس کے کم ازکم پانچ اہلکارہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔

اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے توپ خانے کی مدد سے علاقے میں شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر گولہ باری بھی کی۔

XS
SM
MD
LG