افغانستان کے شمالی صوبے بلخ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک بس پر حملہ کر کے 13 لوگوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کو بلخ صوبے کے زری ضلع میں پیش آیا۔ ضلعی گورنر جعفر حیدری نے کہا کہ اس حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق شیعہ ہزارہ برادری سے ہے۔
گزشتہ ماہ مسلح افراد نے مشرقی افغانستان میں ایک گاڑی میں سفر کرنے والے 12 شیعہ ہزارہ افراد کو اغوا کر لیا تھا اور اس واقعہ سے چند روز قبل ہی اسی علاقے میں مشتبہ طالبان جنگجوؤں نے ہزارہ برادری کے ہی چار افراد کو اغوا کے بعد قتل کر دیا تھا۔
گورنر بلخ کے ترجمان منیر احمد فرہاد نے کہا کہ اس واقعے کے تحقیقات کے لیے ایک ٹیم روانہ کر دی گئی ہے۔
حالیہ مہینوں میں افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان حملوں میں تیزی آئی اور یہ حملے اب ملک کے شمالی علاقوں تک پھیل گئے ہیں۔ گزشتہ ماہ قندوز صوبے میں مسلح افراد کے درمیان ہونے والی ایک جھڑپ میں لگ بھگ 29 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اقوام متحدہ کے مطابق 2015ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران افغانستان میں لڑائی اور حملوں میں تقریباً 5,000 افراد ہلاک ہوئے اور بتایا جاتا ہے کہ ان میں سے 70 فیصد ہلاکتیں طالبان کے حملوں میں ہوئیں۔