فرانس میں پولیس نے تلوز شہر میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر ایک شخص کو حراست میں لیا ہے جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ رواں ہفتے یہودی اسکول کے باہر فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کا بھائی ہے۔
پولیس نے اس گھر کو حصار میں لے رکھا ہے۔
فرانس کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص نے القاعدہ سے منسلک ہونے کا دعویٰ کیا ہے اور اس کا کہنا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں ہلاک ہونے والے فلسطینی بچوں کا بدلہ لینا چاہتا تھا۔
یہ حملہ آور پیر کو یہودی اسکول کے باہر فائرنگ کرکے ایک ربی اور تین بچوں کو ہلاک کرنے کے بعد موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا تھا۔
اس ہلاکت خیز حملے نے فرانس کو سوگوار کردیا ہے اور متعدد عالمی رہنماؤں نے بھی اس کی شدید مذمت کی ہے۔
صدر نکولس سارکوزی اور وزیراعظم فرانکواس فیلون نے پیرس کے ہوائی اڈے پر ہلاک ہونے والوں کی میت کی تدفین کے لیے اسرائیل روانگی سے قبل ہونے والی ایک یادگاری تقریب میں شرکت کی۔