رسائی کے لنکس

داعش، شام کے مسئلے پر پیرس میں وزارتی اجلاس


فائل
فائل

بات چیت کا مقصد گزشتہ ماہ ویانا میں ہونے والے معاہدے کے تحت شام میں جنگ بندی اور سیاسی عمل کے آغاز کی کوششوں کو مہمیز بخشنا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری پیر کو پیرس میں یورپی اور عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں جس کا مقصد داعش کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی تشکیل دینا اور شام کے تنازع کے سیاسی حل کی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔

پیرس میں ہونے والا اجلاس جمعے کو انہی مسائل پر نیویارک میں ہونے والی بات چیت کا پیش خیمہ ہے جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور شام کے لیے اقوامِ متحدہ کے نمائندہ خصوصی اسٹیفن ڈی مستورا بھی شریک ہوں گے۔

بات چیت کا مقصد گزشتہ ماہ ویانا میں ہونے والے معاہدے کے تحت شام میں جنگ بندی اور سیاسی عمل کے آغاز کی کوششوں کو مہمیز بخشنا ہے۔ ویانا معاہدے کے تحت یکم جنوری سے قبل شامی تنازع کے فریقین کے درمیان بات چیت شروع ہونی ہے۔

مذاکرات کی حالیہ کوششیں گزشتہ دو برسوں کے دوران اس مقصد کے لیے ہونے والی سب سے کامیاب کوششیں ہیں۔ شام کے تنازع کے فریقین کے درمیان اس سے قبل بات چیت کے دو ادوار ہوچکے ہیں جن میں بہت معمولی پیش رفت ہوئی تھی۔

تاہم بات چیت کے گزشتہ ادوار اور حالیہ کوششوں کے درمیان شام میں شدت پسند تنظیم داعش کے زور پکڑنے کے سبب معاملات کہیں زیادہ پیچیدہ ہوگئے ہیں۔ اس عرصے کے دوران شدت پسند تنظیم نے شام اور شمالی عراق کے بڑے علاقے پر قبضہ مستحکم کرلیا ہے۔

مارچ 2011 میں شروع ہونے والی شام کی جنگ میں اب تک دو لاکھ 40 ہزار لوگ ہلاک جب کہ ایک کروڑ سے زائد اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ بے گھر ہونے والوں کی ایک بڑی تعداد پناہ کی تلاش میں یورپ پہنچ چکی ہے۔

جان کیری منگل کو روس روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ شام کے معاملے کے سیاسی حل کی کوششوں پر پیش رفت اور اسلامک اسٹیٹ کے خلاف جنگ کے مسئلے پر صدر ولادی میر پوتن سے ملاقات میں بات چیت کری گے۔

XS
SM
MD
LG