رسائی کے لنکس

پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا


پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے نصف سنچری اسکور کی۔
پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے نصف سنچری اسکور کی۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ فتح کے ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔​

بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے پاکستان نے 3ء19 اوورز میں مکمل کر لیا۔

پاکستان کی پہلے وکٹ صفر کے مجموعے پر گری جب ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ محمد حفیظ کی 35 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جس کے بعد ڈیبیو کرنے والے اوپننگ بلے باز احسن علی آؤٹ ہوئے۔

احسن علی نے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلتے ہوئے 36 رنز اسکور کیے جب کہ محمد حفیظ 17 اور بابر اعظم صفر رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

چوتھی اور پانچویں وکٹ بالترتیب افتخار احمد اور عماد وسیم کی شکل میں گریں۔ عماد وسیم نے 6 اور افتخار نے 16 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رن اسکور کرنے والے بیٹسمین شعیب ملک تھے جنہوں نے 45 گیندوں پر 58 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام نے دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ مستفیض الرحمٰن، الامین حسین اور امین الاسلام ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے تھے۔

اوپننگ بلے باز تمیم اقبال اور محمد نعیم نے اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 71 رنز کی شراکت قائم کی۔

تمیم اقبال 34 گیندوں پر 39 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل تھے۔ کریز پر آنے والے دوسرے بلے باز لٹن داس زیادہ دیر کریز پر کھڑے نہ رہ سکے اور وہ بھی رن آوٹ ہوگئے۔ لٹل 12 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، جب کہ میزبان ٹیم میں حارث رؤف اور احسن علی اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے تھے۔

میچ کے دوران قذافی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جب کہ شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اسٹیڈیم کے اندر موجود رہی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ کل بروز ہفتہ کھیلا جائے گا۔

محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کو بنگلہ دیش پر سبقت حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 10 ٹی ٹوئنٹی میچز میں آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں آٹھ میچز پاکستان نے جیتے اور دو میں بنگلہ دیش کو کامیابی ملی۔

بنگلہ دیش ٹیم کا اسکواڈ کپتان محمود اللہ، تمیم اقبال، سومیا سرکار، محمد نعیم، نجم الحسن شانتو، لٹن داس، محمد متھن، عفیف حسین، مہدی حسن، امین الاسلام، مستفیض الرحمان، شفیع الاسلام، الامین حسین، روبیل حسین اور حسن محمود پر مشتمل ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ کپتان بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، شاداب خان، عثمان قادر، عماد بٹ، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی، خوش دل شاہ، محمد موسیٰ، احسان علی اور حارث رؤف پر مشتمل ہے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم بدھ کی شب پاکستان پہنچی تھی جس کے بعد کھلاڑیوں نے جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس بھی کی تھی۔

مہمان ٹیم کے کپتان محمود اللہ کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ "ہم یہاں اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں۔ پاکستان میں کوئی سیکیورٹی خدشات نہیں۔ ہماری اچھی ٹیم ہے جس میں نوجوان کھلاڑی شامل ہیں۔"

XS
SM
MD
LG