پاکستان ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف کسی دباؤ کا شکار نہیں ہیں۔ بہتر پرفارمنس سے بہترین نتائج دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے بھی بات کی۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ پر قیادت اعزاز کی بات ہے، بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ ہمارا اصل ہتھیار ہوگا۔ ہمارے پاس نو بیٹسمین موجود ہیں، تیاری بھرپور ہے۔ بنگلہ دیشی کھلاڑی بھی اچھی کرکٹ کھیل کر آئے ہیں، مقابلہ اچھا رہے گا۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں فوکس ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنے پر ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو ورلڈ رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے سیریز میں بنگلہ دیش کو کلین سوئپ کرنا ہوگا۔ کسی بھی ایک میچ میں شکست سے اس کی پہلی پوزیشن ہاتھ سے نکل جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ کل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ یا بالنگ کرنے کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کیا جائے گا۔ ان کے بقول، "میرے خیال میں اس وکٹ پر 180 سے 190 رنز کا اسکور اچھا ہوگا۔"
مہمان ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم یہاں اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں۔ پاکستان میں کوئی سیکیورٹی خدشات نہیں۔ ہماری اچھی ٹیم ہے جس میں نوجوان کھلاڑی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں ہم نے بہترین کرکٹ کھیلنی ہے اور اسی پر فوکس ہے۔ رینکنگ کے بارے میں نہیں دیکھ رہے۔ رینکنگ کم ہونے کے باوجود اچھا کھیل رہے ہیں۔
محمود اللہ نے مزید کہا کہ پاکستانی فاسٹ بالر محمد عامر اور وہاب ریاض اچھے بالر ہیں، ان کے ٹیم میں نہ ہونے کا نہیں سوچ رہے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم 12 سال بعد گزشتہ شب لاہور پہنچی تھی۔ مہمان ٹیم نے آخری مرتبہ 2008 میں پاکستان میں منعقدہ ایشیا کپ میں شرکت کی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعے کو دوپہر دو بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا دوسرا میچ 25 جنوری اور تیسرا 27 جنوری کو اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 10 ٹی 20 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے آٹھ پاکستان نے جیتے اور دو ہارے ہیں۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں 15 کھلاڑی شامل ہیں جب کہ تین سیکیورٹی افسران اور کوچنگ اسٹاف کے ہمراہ ٹیم لاہور پہنچی ہے۔
بنگلہ دیش کا اسکواڈ کپتان محمود اللہ، تمیم اقبال، سومیا سرکار، محمد نعیم، نجم الحسن شانتو، لٹن داس، محمد متھن، عفیف حسین، مہدی حسن، امین الاسلام، مستفیض الرحمان، شفیع الاسلام، الامین حسین، روبیل حسین اور حسن محمود پر مشتمل ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بیٹسمین مشفق الرّحیم کو بھی پاکستان کے دورے پر آنے والے کھلاڑیوں میں شامل کیا تھا لیکن وہ سیکیورٹی تحفظات کے سبب پاکستان کے دورے سے دست بردار ہو گئے تھے۔
دوسری جانب شکیب الحسن میچ فکسرز سے رابطہ رکھنے اور آئی سی سی کو بر وقت مطلع نہ کرنے پر پابندی کا شکار ہیں۔ اس لیے وہ اور چند دیگر اہم کھلاڑی دورۂ پاکستان میں شامل نہیں ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد مہمان ٹیم واپس چلی جائے گی اور 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ہونے والے ایک ٹیسٹ میچ میں شرکت کرے گی۔
بنگلہ دیش سے قبل سری لنکا کی ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ سری لنکا کے ساتھ پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی تھی۔