رسائی کے لنکس

امریکی شہری کی رہائی کے لیے شمالی کوریا پر زور


کنیتھ بئی
کنیتھ بئی

امریکہ کے ایک سابق سفارتکار نے شمالی کوریا کے دورے کے دوران وہاں قید امریکی شہری کنیتھ بئی کی رہائی کے لیے پیانگ یانگ پر زور دیا ہے۔

امریکہ کے ایک سابق سفارتکار نے شمالی کوریا میں قید امریکی شہری کنیتھ بئی کی رہائی کے لیے پیانگ یانگ پر زور دیا ہے۔

شمالی کوریا کے پانچ روزہ دورے کے بعد جمعہ کو وطن واپس پہنچنے پر ڈونلڈ گریگ کا کہنا تھا کہ اس دورے کا بنیادی مقصد بئی کے مستقبل سے متعلق بات چیت نہیں تھی، لیکن ان کے بقول شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات میں انھوں نے اس معاملے کو بھی اٹھایا۔

’’میں نے اس بات پر زور دیا کہ (بئی کو) رہا کیا جائے۔ لیکن یہ ہمارے ایجنڈے پر نہیں تھا اور ہمیں محسوس ہوا کہ ہمیں یہ بات کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

گریگ 1989ء سے 1993ء تک جنوبی کوریا میں امریکی سفیر رہ چکے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ گریگ کا دورہ پیانگ یانگ واشنگٹن کی طرف سے نہیں تھا۔

گریگ ان دنوں امریکہ میں قائم پیسفک سنچری انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے رہنما امریکہ کے ساتھ تعلقات کے لیے زیادہ پراُمید نہیں ہیں۔

45 سالہ کنیتھ بئی کو شمالی کوریا میں حکومت کا تختہ الٹنے کی کوششوں کے الزام میں 15 سال قید بامشقت کی سزا کا سامنا ہے۔

شمالی کوریا کی طرف سے بئی کے معاملے پر بات چیت کے لیے آنے والے ایک امریکی ایلچی کا دعوت نامہ منسوخ کیے جانے کے تناظر میں اُمید کی جارہی تھی کہ بئی کی رہائی کے لیے گریگ کے دورے سے مدد مل سکتی ہے۔
XS
SM
MD
LG