رسائی کے لنکس

یورپی یونین ایران کے خلاف عائد پابندیوں میں توسیع کرے گی


یورپی یونین ایران کے خلاف عائد پابندیوں میں توسیع کرے گی
یورپی یونین ایران کے خلاف عائد پابندیوں میں توسیع کرے گی

یورپی یونین نے تہران کی جانب سے اپنا متنازعہ جوہری پروگرام ترک نہ کرنے پر ایران کے خلاف عائد اقتصادی پابندیوں میں توسیع کا عندیہ دیا ہے۔

یورپی ممالک کے سفارت کاروں نے جمعرات کے روز صحافیوں کو بتایا کہ یورپی یونین کے اراکین کے مابین ایران کی مزید 100 کمپنیوں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ای یو کی جانب سے ایران کے خلاف عائد پابندیاں مزید سخت کرنے کا اعلان جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں عالمی ادارے نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ایرانی خفیہ ایجنسی کی جانب سے ادارے کے کمپیوٹرز اور موبائل فونزکو ہیک کیا جارہا ہے۔

آئی اے ای اے کے حکام کے مطابق تہران انتظامیہ کی جانب سے عالمی ادارے کے اہلکاروں کے کمپیوٹرز اور موبائل فونز سے خفیہ معلومات حاصل کرنے کی مبینہ کوششیں اس وقت کی گئیں جب یہ اہلکار ایرانی جوہری تنصیبات کے دوروں کے موقع پر اپنے موبائلز اور لیپ ٹاپس تنصیبات کے استقبالیہ یا اپنے رہائشی ہوٹلز پر چھوڑ گئے تھے۔

ایرانی حکومت کا اصرار رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن اور سویلین مقاصد کیلیے ہے۔ تاہم عالمی مبصرین اور مغربی حکومتوں کو خدشہ ہے کہ ایران کی جانب سے یورینیم کی افزودگی کا عمل جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

XS
SM
MD
LG