رسائی کے لنکس

چھری پھرنے کے بعد


قربانی کے جانور پر قربانی کرنے والے کی، اور خریدار کے گلے پر مہنگائی کی چھری پھرنے کے بعد بھی کچھ خرچے واجب ہوتے ہیں

سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے، پاکستان میں قربانی میں اب جب کہ دن نہیں گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، لوگ قربانی کے جانور بہت مہنگے ہونے کا شکواہ کرتے ہوئے جانوروں کی خریداری اور ان کا خیال رکھنے میں مصروف ہیں۔

قربانی کا جانور خریدنے، اس کو منڈی سے گھر لانے اور چارہ کھلانے کے خرچے پر بات کرتے ہوئے کراچی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ مہنگائی کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر شعبے میں کرپشن نے قربانی کے دینی رُکن کو، حقیقت میں، ایک بہت بڑی قربانی بنا دیا ہے۔

قربانی کے جانوروں کی خریداری سے لیکر اُس کو ذبح کرنے اور اُس کا گوشت بانٹے جانے تک جتنے خرچے ہوتے ہیں ان پر بات کرتے ہوئے، ایک نجی چینل کے شو میں ماہرین نے بتایا کہ ملک میں اِس سلسلے میں 200 ارب روپے سے زائد کا کاروبار ہوتا ہے۔

لیکن، قربانی کے جانور پر قربانی کرنے والے کی، اور خریدار کے گلے پر مہنگائی کی چھری پھرنے کے بعد بھی کچھ خرچے باقی ہوتے ہیں۔

کراچی کے علاقے واٹر پمپ پہ چھریوں، بغدوں اور سیخوں کا اسٹال لگانے والے اختر محمد نے بتایا کہ چھریاں اور بغدے 100 روپے سے لیکر 400 روپے تک کے دام پر فروخت ہوتے ہیں۔

قریب ہی کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے عبداللہ قربانی کا گوشت رکھنے کے لئے ٹوکریوں اور چٹایوں کا کاروبار کرتے ہیں۔ اُن کے اسٹال پہ چھوٹی ٹوکریاں 40 اور بڑی ٹوکریاں 50 روپے کی، جبکہ چٹائیاں 200 سے لیکر کہ 300 روپے میں دستیاب ہیں۔

فیڈرل بی ایریا کے اسی علاقے میں عصمت علی کے اسٹال پر قربانی کا گوشت سیکنے کے لئے انگیٹھیاں وزن کے حساب سے دستیاب ہیں، جن میں سب سے سستی 200 اور سب سے مہنگی انگیٹھی 700 روپے میں بیچی جارہی ہے۔

ان ہی اسٹالوں پر، بار بی کیو کے لئے 40 روپے کلو کے حساب سے بیچے جانے والے کوئلے کے بارے میں ان لوگوں نے بتایا کہ کوئلہ بیچنا بہت ہی مشکل کام ہے، کیونکہ اس میں ہاتھ کالے ہو جاتے ہیں اور ساتھ ہی یہ شکایت بھی کی کہ ان سے یہاں اسٹال لگانے کے لئے قانون کے رکھوالوں کی طرف سے بھتہ وصول کیا جاتا ہے۔

آخر میں انچولی کے علاقے میں عمیر علی کا مصالحوں کا اسٹال قابل ذکر ہے، جہاں عید کے موقعے پر لوگ قربانی کے گوشت کو مختلف طریقوں سے پکانے کے لئے سیکھ کباب مصالحہ، بوٹی مصالحہ، گوشت گلانے والا مصالحہ اور بار بی کیو کلیجی مصالحہ بڑے شوق سے خرید رہے ہیں؛ اور کہیں اور بچت ہو یا نہ ہو، عمیر علی کے اسٹال پر 50 روپے والا مصالحے کا پیکٹ 40 روپے میں بیچا جا رہا ہے۔
XS
SM
MD
LG