رسائی کے لنکس

کابل: شیعہ ثقافتی مرکز اور نیوز ایجنسی پر خود کش حملہ، 40 ہلاک


حکام کے مطابق حملہ کابل کے مغربی علاقے میں واقع ثقافتی مرکز میں جمعرات کی صبح کیا گیا جس کی زد میں مرکز سے متصل 'افغان وائس' نامی نیوز ایجنسی کا دفتر بھی آیا۔

شدت پسند تنظیم داعش نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع ایک افغان خبر رساں ادارے کے دفتر اور اس سے متصل ایک ثقافتی مرکز پر خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

وزارتِ صحت کے ترجمان اسمعیل کواسی نے بتایا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 41 ہوگئی ہے جب کہ 48 افراد زخمی ہیں۔

حکام کے مطابق حملہ کابل کے مغربی علاقے میں واقع 'تابیان سوشل اینڈ کلچرل سینٹر' پر جمعرات کی صبح کیا گیا جس کی زد میں مرکز سے متصل 'افغان وائس' نامی نیوز ایجنسی کا دفتر بھی آیا۔

حکام کے مطابق ایک خود کش حملہ آور مرکز کے اندر داخل ہونے میں کامیاب رہا تھا جس نے عمارت کے اندر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

بعد ازاں دیگر دو دھماکے ثقافتی مرکز کے باہر گلی میں اس وقت ہوئے جب پہلے دھماکے سے خوف زدہ ہو کر لوگ عمارت سے باہر نکل آئے۔

کابل کا مغربی علاقہ شیعہ اکثریتی ہے جب کہ اطلاعات ہیں کہ حملے کا نشانہ بننے والا ثقافتی مرکز اور اس سے متصل نیوز ایجنسی بھی اہلِ تشیع افراد کی ہے۔

دھماکے کے بعد عینی شاہدین کی جانب سے کھینچی جانے والی بعض تصاویر میں نیوز ایجنسی کا دفتر تباہ اور کئی افراد کو شدید زخمی حالت میں فرش پر پڑے دیکھا جاسکتا ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ دھماکے کے وقت ثقافتی مرکز میں طلبہ کا ایک وفد ریسرچرز کے ساتھ پینل ڈسکشن میں مصروف تھا۔

'افغان وائس' میں کام کرنے والے ایک صحافی سید عباس حسینی نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز'کو بتایا ہے کہ کمپاؤنڈ کے داخلی دروازے پر ہونے والے دھماکے کے بعد بھی انہوں نے کئی دھماکوں کی آوازیں سنیں۔

افغانستان میں ذرائع ابلاغ پر حملوں میں حالیہ چند ماہ کے دوران اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ ماہ بھی شدت پسندوں نے کابل میں ایک نجی ٹی وی اسٹیشن پر حملہ کیا تھا۔

صحافیوں کی آزادی اور تحفظ کے لیے کام کرنے والے بین الاقوامی ادارے 'رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز' نے رواں ماہ اپنی رپورٹ میں افغانستان کو صحافیوں کے لیے دنیا کے سب سے خطرناک ملکوں میں سے ایک قرار دیا تھا جہاں 2017ء کے دوران دو صحافی اور پانچ میڈیا کارکن اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران ہلاک ہوئے۔

پاکستان کی مذمت

پاکستان نے افغانستان میں جمعرات کو ہونے والے مہلک دہشت گرد حملے اور اس میں ہونے والے جانی نقصان کی شدید مذمت کی ہے۔

وزارتِ خارجہ سے جمعرات کی شام جاری ہونے والے ایک بیان میں حملے کا نشانہ بننے والے افراد کے اہلِ خانہ اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے بیان میں پاکستانی حکومت کی طرف سے ایک مرتبہ پھر ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو دہرایا گیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے بھی کابل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں اور افغان حکومت سے اظہارِ یکجتہی کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG