رسائی کے لنکس

 جاپان: بچو ں کے لیے مخصوص روائتی تقریب اب کتے اوربلیوں کے لیے بھی


 ٹوکیو کے نزدیک زاما شرائن میں لوگ اپنے تین پانچ اور سات سال کے پالتو کتوں کو اس دعائیہ تقریب میں لائے ہیں جو روائتی طور پر ان عمروں کے بچوں کے لئے مخصوص ہوتی ہے فوٹو رائٹرز 14 نومبر 2023
ٹوکیو کے نزدیک زاما شرائن میں لوگ اپنے تین پانچ اور سات سال کے پالتو کتوں کو اس دعائیہ تقریب میں لائے ہیں جو روائتی طور پر ان عمروں کے بچوں کے لئے مخصوص ہوتی ہے فوٹو رائٹرز 14 نومبر 2023

جاپان میں جہاں شرح پیدائش میں کمی کی وجہ سے معمر افراد کی تعداد میں اضافہ اور بچوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے, اب لو گ اپنی محبتیں اپنے پالتو جانوروں پر نچھاور کررہے ہیں.

جاپانی پالتو جانوروں کی خوراک، رہائش اور تفریح پر پیسہ خرچ کرنے کے علاوہ ا ن کے لئے ایسی تقریبات کا اہتمام بھی کرتے ہیں جو روائتی طور پر بچوں کے لئے مخصوص تھیں۔ ایسی ہی ایک روائتی تقریب ان دنوں ٹوکیو میں منعقد کی جارہی ہے۔

ان تقریبات کی تفصیلات سے پہلے اس روایت کے بارے میں بتادیں جو جاپان میں بچوں کے لئے مخصوص ہے اور جس کا اطلاق اب کتے اور بلیوں پر کیا جارہا ہے ۔

دعائیہ تقریب کی روایت یہ ہے کہ ہر سال نومبر کے مہینے کے وسط میں والدین اپنے تین، پانچ ،یا سات سال کی عمر کے بچوں کو عبادت گاہو ں میں جنہیں جاپانی زبان میں شنتو کہا جاتا ہے ، لے کر جاتے ہیں ۔ انہیں جاپان کے مخصوص روائتی لباس کیمونو میں ملبوس کیا جاتا ہے اور پھر مذہبی رہنما ان کی صحت اور مستقبل کی خوشیوں کے لئے دعا کرتا ہے ۔

اب بچوں کی کمی کی وجہ سے بیشتر لوگ اس روایت پر عمل نہیں کر پاتے ۔ لیکن کیوں کہ وہ اپنے پالتو جانوروں سے بھی اپنے بچوں جیسا ہی پیار کرتے ہیں اور ان کی صحت اور خوشیوں کےلیے ویسی ہی دعائیں کرتے ہیں جیسی کہ وہ اپنے تین پانچ یا سات سال کی عمر کے بچوں کے لیے کرتے،اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ وہ ان کے لیے عبادت گاہوں میں جا کر ویسی ہی تقریبات کا انعقاد کریں ۔

جاپان میں شنٹو پادری ایک روائتی دعائیہ تقریب میں پالتو کتوں کے لئے دعا کررہا ہے، فوٹو رائٹرز 14 نومبر 2023
جاپان میں شنٹو پادری ایک روائتی دعائیہ تقریب میں پالتو کتوں کے لئے دعا کررہا ہے، فوٹو رائٹرز 14 نومبر 2023

اس روایت پر عمل کرنا اس لیے مشکل ہے کہ جاپان میں ایسی بہت کم عبادت گاہیں ہیں جہاں پالتو جانوروں کو لے جانے کی اجازت ہے ۔ اس لیے بہت سے لوگ اپنے پالتو جانوروں کے زریعے اس روایت پر عمل کرنے کی اپنی خواہش پوری نہیں کر پاتے ۔ تاہم ٹوکیو کی ایک شنتو عبادت گاہ میں اس روایت اور اس خواہش کی تکمیل کا بندو بست کیا جارہا ہے۔

ٹوکیو کے جنوب مشرق میں چھٹی صدی کی ’زاما شرائن‘ نامی ایک عبادت گاہ ہے جہاں 2012 میں ایک حصے کو پالتو جانوروں کے لئے خصوصی دعا کی تقریبات کے انعقاد کے لئے مختص کیا گیا تھا۔

اس کے بعد سے اس روایت پر جسے "شیچی ۔گو ۔سان" کہا جاتا ہے عمل کے لئے لوگ اپنے کتوں او ر بلیوں کو لاتے ہیں ۔ انہیں جاپان کے مخصوص روائتی لباس پہنا ئے جاتے ہیں اور ان کی صحت اور خوشیو ں کے لیےاس تقریب کا اہتمام ہوتا ہے ۔

اس مقام کا نام Inuneko Jinja( اینو ایکو جنجا )ہے ۔ اینو جاپانی زبان میں کتے ، نیکو بلی اور جنجا عبادت گاہ کو کہتے ہیں۔

منگل کے روز بہت سے لوگوں نے اس عبادت گاہ میں اپنے کتو ں اور بلیوں کو جاپان کے روائتی کیمونو پہنا کر ایک شنتو پادری سے ان کے لیے دعا کروائی اور تصاویر بنائیں۔

اان میں نٹسوکی اوکی شامل تھے جو ہیروشیما کے مغربی شہر سے اپنے دو پالتو کتوں کو جہاز کے ذریعے ٹوکیو لائے تھے تاکہ ان کے لیے خصوصی دعا کروا سکیں ۔

انہوں نےبتایا کہ جاپان میں ایسی عبادت گاہیں زیادہ نہیں ہیں جہاں پالتو جانوروں کو اندر لےجانے کی اجازت ہو اس لیے ان کا خیال ہے کہ طویل سفر سے بچنے کے لیےایسی مزید عبادت گاہیں ہونی چاہیں۔

زاما عبادت گاہ کے ، یوشی نوری ہراگا نے کہااکہ ہر سال جاپان میں بچوں کی تعداد کم ہورہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں نے اپنی محبتوں کا محور اپنے پالتو جانوروں کو بنا لیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس عبادت گاہ میں لوگوں کو یہ موقع فراہم کیا جاتا ہے کہ جب ان کے پالتوکتے اور بلیاں تین ، پانچ اور سات سال کی عمر کو پہنچیں تو وہ خدا کا شکر ادا کریں ۔ 33 سالہ یوشی نوری ہراگا ن کا اندازہ ہے کہ اس سال دعا کے لیے عبادت گاہ میں لگ بھگ 120 پالتو جانوروں کو لایا جائے گا ۔

ایک خاتون ماسایو ٹشیرواپنے دو کتوں کو جو ٹیرئیر اور پومیرینیننسل کو،دعا کے لیے لائی تھیں۔

تریپن سالہ خاتون کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے بہت اہم ہیں مجھے اپنے بچوں کی طرح پیارے ہیں ۔ میں یہاں یہ دعا کرنے آئی ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ ایک محفوظ اور صحت مند زندگی گزاریں۔

جاپان میں شرح پیدائش 2022 میں مسلسل ساتویں سال ریکارڈ سطح پر کم ہوئی جب کہ اموات کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG