رسائی کے لنکس

بوبی کو دنیا کے سب سے معمر کتے کا اعزاز مل گیا


پرتگال کا بوبی گینز ورلڈ ریکارڈز کے سرٹیفیکٹ کے ساتھ۔
پرتگال کا بوبی گینز ورلڈ ریکارڈز کے سرٹیفیکٹ کے ساتھ۔

اس کا نام بوبی ہے۔ وہ ایک خاص پرتگالی نسل کا کتا ہے۔ حال ہی میں پرتگال کے ایک گاؤں ’کانکیروس‘ میں اس کی 31 ویں سالگرہ منائی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ بوبی کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کا سب سے معمر کتا ہونے کا اعزازی سرٹیفیکٹ دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایک عام کتے کی اوسط عمر 10 سے 13 سال کے درمیان ہوتی ہے۔ البتہ چھوٹے سائز کے کتے 15 سال تک بھی زندہ رہتے دیکھے گئے ہیں۔ جب کہ بڑے سائز اور بڑے ڈیل ڈول کے کتے 8 سال کی عمر کو ہی پہنچ پاتے ہیں۔ جانوروں کے ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے کہ کوئی کتا 20 سال کی عمر کو پہنچ جائے۔

عمر کے پیمانے میں دیکھا جائے تو بوبی نے طویل عمری کی ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

بوبی نے اپنی عمر کے تمام ماہ و سال پرتگال کے گاؤں ’کانکیروس ‘ کے ایک ہی گھر میں رہتے ہوئے گزارے ہیں۔

بوبی کے مالک کا نام لیونل کوسٹا ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ بولی کا طویل عمری کا عالمی ریکارڈ قائم ہونے پر بہت خوش ہیں ۔ انہوں نے اپنی اس خوشی میں گاؤں والوں کو شریک کرنے کے لیے ایک بڑی پارٹی کا اھتمام کیا جس میں 100 سے زیادہ افراد شریک ہوئے۔

اس پارٹی میں مہمانوں کی تواضح گوشت اور مچھلی سے کی گئی اور بوبی نے بھی یہ دونوں ڈشیں شوق سے کھائیں۔ ہم آپ کو یہ بتاتے چلیں کہ عام یورپی کتوں کے برعکس بوبی وہی کچھ کھاتا ہے جو کچھ گھر میں پکتا ہے۔ جب کہ مغربی دنیا میں پالتو جانور خصوصی ڈبہ بند خوراک پر پلتے ہیں۔

کوسٹا کو کتے پالنے کا شوق ہے۔ ان کے پالتو کتوں نے لمبی عمریں پائی ہیں۔ کوسٹا نے بتایا کہ انہوں نے بوبی کی ماں کو بھی پالا تھا۔ اس کا نام’ گیرا‘ تھا۔ وہ 18 برس زندہ رہی تھی۔ لیکن بوبی نے تو ہمیں ہی نہیں بلکہ سب کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔ کون سوچ سکتا ہے کہ کوئی کتا 30 برس کی عمر سے آگے نکل جائے گا۔

کوسٹا سے جب بوبی کی طویل عمر کا راز پوچھا گیا تو انہوں نے سوچتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اس کی وجہ وہ پرامن اور پرسکون ماحول ہے جو بوبی کو میسر ہے۔اسے ہم نے کبھی زنجیر سے نہیں باندھا۔ کبھی اس کے گلے میں پٹہ نہیں ڈالا گیا۔ اسے گھومنے پھرنے کی پوری آزادی ہے۔ جب اس کا جی چاہتا ہے گھر سے نکل کر جنگل میں گھومنے پھرنے کے لیے چلا جاتا ہے۔

بوبی کی طویل عمر کے راز پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ بوبی کبھی بھی تنہا نہیں رہا ۔ ہمارے گھر میں اور بھی کئی جانور ہیں۔ ان سب سے بوبی کی دوستی ہے۔ بوبی بہت ملنسار ہے۔ وہ دوسروں کے درمیان بہت خوش رہتا ہے۔

تاہم عمر کی طوالت نے بوبی پر اپنے کچھ نقش چھوڑے ہیں۔ اب اس میں پہلے جیسی چستی نہیں رہی۔ وہ چلتا بھی مشکل سے ہے۔ اس لیے اب گھر سے باہر نہیں نکلتا۔ اس کی نظر بھی بہت خراب ہو گئی ہے۔ اسے کئی چیزیں دکھائی نہیں دیتیں۔ وہ چلتا ہے تو ان سے ٹکرا جاتا ہے۔ کوسٹا کا کہنا تھا کہ بوبی بالکل بوڑھے لوگوں جیسا ہو گیا ہے۔ بہت سونے لگا ہے۔ کچھ کھانے کے بعد تو وہ فوراً سو جاتا ہے۔

بوبی کی تاریخ پیدائش کی تصدیق گاؤں کی میونسپلٹی آف لیریا کی ویٹرنری میڈیکل سروس نے کی۔ جہاں اس کی پیدائش کا اندارج 1992 میں کیا گیا تھا۔

بوبی کی عمر کی تصدیق پرتگالی حکومت کے سرکاری ڈیٹا بیس سے بھی کی گئی ہے۔

بوبی کے مالک کوسٹا کی عمر 38 سال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب بوبی پیدا ہوا تو میں آٹھ سال کا تھا۔ میرا بچپن بوبی کے ساتھ کھیلتے ہوئے گزرا ہے۔

کوسٹا کا کہنا تھا کہ بوبی ہمارے خاندان کا ایک فرد ہے۔ وہ ہمارے خاندان کے ماضی کی یاد ہے۔ میرے والد، میرے بھائی اور دادا دادی اس دنیا میں نہیں رہے۔ وہ سب بوبی کے ساتھ کھیلتے تھے۔ میں جب بوبی کو دیکھتا ہوں تو انہیں یاد کرتا ہوں۔

( اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات اے پی سے لی گئیں ہیں)

XS
SM
MD
LG