رسائی کے لنکس

’ٹوئٹر کے نئے سی ای او بہترین ہیں‘


ایلون مسک نے فلوکی کی تصویر شیئر کی ہے اور انہیں ٹوئٹر کا نیا سی ای او قرار دیا ہے۔
ایلون مسک نے فلوکی کی تصویر شیئر کی ہے اور انہیں ٹوئٹر کا نیا سی ای او قرار دیا ہے۔

ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر کے لیے نیا سی ای او ملنے کا اعلان کیا ہے جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر کے نئے سی ای او 'بہترین' ہیں۔

انہوں نے اس کے ساتھ ہی اپنے پالتو کتے فلوکی کو ٹوئٹر کے نئے سی ای او کے طور پر متعارف کرایا ہے۔

ایلون مسک کے پاس جاپانی’شیبا اینو‘ نسل کا کتا ہے جس کو وہ فلوکی کے نام سے پکارتے ہیں۔

انہوں نے فلوکی کی ایک ایسی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی ہے جس میں وہ ایک کرسی پر بیٹھا ہوا ہے اور اس کے سامنے لگی تختی پر سی ای او لکھا ہوا ہے جب کہ اس کے ساتھ ساتھ دیگر دستاویزات اور ایک لیپ ٹاپ ٹیبل پر موجود ہے۔

ایلون مسک نے دوسری ٹوئٹ میں کہا کہ یہ دوسرے فرد سے بہت بہتر ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ اعداد و شمار کے معاملے میں بھی بہت بہتر ہے۔

ایلون مسک نے فلوکی کے اسٹائل کی بھی تعریف کی ہے۔

ٹوئٹر کے مالک کے اس ٹوئٹ کے بعد لوگ اس پر دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔

ایلون مسک نے گزشتہ برس 44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد اس کے بھارتی نژاد سی ای او پراگ اگروال کو نکال دیا تھا۔

گزشتہ برس دسمبر میں انہوں نے ٹوئٹر پر ایک پول کرایا تھا کہ کیا وہ ٹوئٹر کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ دیں۔ تو 57 فی صد لوگوں ان کو عہدہ چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ جیسے ہی مجھے کوئی اتنا احمق مل جائے گا جو میری جگہ کام کر سکے تو میں سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دے دوں گا۔

دوسری جانب منگل کو دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ سے ورچوئل خطاب میں ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر رواں برس کے آخر تک وہ ٹوئٹر کے نئے سی ای او کو تلاش کر لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں برس کا آخر ممکنہ طور پر ایک ایسا وقت ہوگا جب وہ کسی اور کو ٹوئٹر کے انتظامی امور چلانے کے لیے تلاش کر لیں گے۔

XS
SM
MD
LG