رسائی کے لنکس

کئی بھارتی کرکٹرز فٹ رہنے کے لیے انجیکشن لگاتے ہیں، چیف سلیکٹر کا انکشاف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر چیتن شرما کے چونکا دینے والے انکشافات نے بھارت میں کھلبلی مچا دی ہے۔ چیتن نے انکشاف کیا ہے کہ کئی بھارتی کرکٹرز خود کو فٹ رکھنے کے لیے انجیکشن لگاتے ہیں اور یہ انجیکشنز پین کلرز نہیں ہوتے بلکہ ان میں ڈرگز ہوتی ہیں جو ڈوپ ٹیسٹ میں بھی پکڑی نہیں جا سکتیں۔

چیف سلیکٹر نے یہ انکشاف مقامی ٹی وی چینل 'زی نیوز' کے ایک اسٹنگ آپریشن کے دوران کیا اور ان کی یہ ویڈیو منگل کو جاری ہوئی ہے۔

چیتن شرما نے دعویٰ کیا کہ اگر بھارتی کرکٹرز 80 فی صد فٹ ہوں تو وہ انجیکشن لگوا کر خود کو 100 فی صد فٹ بنا لیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض اسٹار کھلاڑیوں کو مکمل طور پر فٹ نہ ہونے کے باوجود نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے کھیلنے کے لیے گرین سگنل دے دیا جاتا تھا جس کے بعد انہیں ٹیم میں منتخب کرنے یا نہ کرنے کا معاملہ سلیکٹرز کے پاس آتا تھا۔

چیف سلیکٹر کے بقول " ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ بھارتی ٹیم میں کون کھیلے گا اور کس کھلاڑی کا ٹیم میں مستقبل ہے۔ ہم کھلاڑیوں کو بلاتے ہیں اور ان سے پوچھتے ہیں کہ آپ ٹیم کے لیے کھیلیں گے یا نہیں۔ جس کی ضرورت نہیں ہوتی اسے کہہ دیتے ہیں کہ آپ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔"

چیتن شرما نے یہ بھی کہا کہ سابق کپتان وراٹ کوہلی اور بی سی سی آئی کے سابق صدر سارو گنگولی کے درمیان انا کا مسئلہ تھا اور کوہلی سمجھتے تھے کہ انہیں ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹائے جانے کے ذمے دار گنگولی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس دورۂ جنوبی افریقہ سے قبل وراٹ کوہلی نے پریس کانفرنس کی تھی جس کے دوران انہوں نے ناجانے کیوں کپتانی کے معاملے کا ذکر کر دیا تھا جس کے بعد ایک تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔ ان کے بقول شاید کوہلی نے ایسا کسی مقصد کے لیے کیا تھا۔

واضح رہے کہ 2021 میں کوہلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سلیکٹرز نے انہیں ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹا دیا ہے۔

چیتن شرما کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ کوہلی نے پریس کانفرنس میں جھوٹ بولا تھا اور آج تک یہ نہیں پتا کہ کوہلی نے ایسا کیوں کیا۔

چیتن شرما کے مطابق گنگولی اور کوہلی کے درمیان مسئلہ بعدازاں کھلاڑیوں اور بورڈ کا جھگڑا بنا۔ اس معاملے میں کون غلط تھا اس کا فیصلہ ہونا ہے لیکن اس معاملے میں کرکٹ بورڈ پر براہِ راست حملے ہونے لگے تھے۔

ان کے بقول کھلاڑیوں کو خبردار کر دیا تھا کہ اس طرح کی چیزوں سے صرف کھلاڑیوں کا ہی نقصان ہو گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد معاملے پر غور شروع کر دیا ہے۔بھارتی نیوز ایجنسی 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' نے جب چیتن شرما سے رابطے کی کوشش کی تو وہ اپنی ویڈیو پر ردعمل دینے لیے دستیاب نہیں تھے۔

واضح رہے گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کرکٹ بورڈ نے چیتن شرما کو چیف سلیکٹرز کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ تاہم سات جنوری کو انہیں دوبارہ ٹیم کا چیف سلیکٹر بنادیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG