رسائی کے لنکس

جیمز بانڈ کی نئی فلم میں تاخیر، سنیما مالکان کا تھیٹرز بند کرنے کا عندیہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہالی وڈ کی کئی فلموں کی طرح جیمز بانڈ کی نئی فلم 'نو ٹائم ٹو ڈائی' بھی تاخیر کا شکار ہو گئی ہے جس کے بعد بڑی سنیما چین 'سنے ورلڈ' نے امریکہ اور برطانیہ میں واقع اپنے تمام تھیٹرز بند کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

نیو یارک اور لاس اینجلس سمیت کئی اہم شہروں میں اب تک سنیما ہالز بند ہیں جب کہ 'سنے ورلڈ' جیسی بڑی سنیما چین نے بھی اپنے تمام تھیٹرز بند کرنے کا پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔

سنے ورلڈ گروپ امریکہ میں 543 ریگل سنیما ہالز اور برطانیہ و آئرلینڈ میں 128 سنے ورلڈ وینیوز کا مالک ہے۔

اتوار کو 'سنے ورلڈ' نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ جیمز بانڈ کی نئی فلم کے التوا کے بعد امریکہ اور برطانیہ میں موجود اپنے تمام تھیٹرز عارضی طور پر بند کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ تاہم اس سلسلے میں اب تک حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

گروپ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جیسے ہی تھیٹرز بند ہونے کا حتمی فیصلہ ہوگا اس سے متعلق فوری طور پر تمام اسٹاف اور صارفین کو مطلع کر دیا جائے گا۔

یہ بیان 'سنڈے ٹائمز' کی اس خبر کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ آئندہ ہفتوں میں 'سنے ورلڈ' کے امریکہ اور آئرلینڈ میں واقع تمام تھیٹرز غیر معینہ مدت تک کے لیے بند ہو جائیں گے جس سے ساڑھے پانچ ہزار افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔

فلم سازوں نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ نومبر میں ریلیز کی جانے والی جیمز بانڈ کی سنسنی خیز فلم 'نو ٹائم ٹو ڈائی' وبائی مرض کی وجہ سے اپریل 2021 تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

دوسرے بڑے اسٹوڈیوز نے بھی گزشتہ چند ہفتوں میں اسی طرح کے فیصلے کیے تھے۔

یونیورسل نے 'کینڈی مین' کی ریلیز اگلے سال تک مؤخر کر دی ہے اور والٹ ڈزنی کمپنی نے بھی کئی بڑی فلموں کی ریلیز کو 2021 تک مؤخر کیا ہے جس میں مارول کی 'بلیک وِڈو' اور اسٹیون اسپلبرگ کی 'ویسٹ سائیڈ اسٹوری' شامل ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' نے ذرائع ابلاغ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ 'سنے ورلڈ' برطانوی وزیرِ ثقافت اولیور ڈاؤڈن کو اس بات سے مطلع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے کہ فلموں کی ریلیز تاخیر کا شکار ہونے کے بعد سنیما کا کاروبار کامیابی سے چلانا مشکل ہو گیا ہے۔

اسٹوڈیوز وبائی مرض کی وجہ سے بڑی فلموں کی ریلیز کی تاریخیں بار بار آگے بڑھا رہے ہیں جب کہ ریلیز کے التوا سے سنیما بزنس زوال کا شکار ہو رہا ہے۔

برطانوی مووی تھیٹرز جولائی میں دوبارہ کھلنا شروع ہوئے تھے لیکن کرونا وائرس کی موجودگی کے سبب نئی فلموں کی ریلیز کے بغیر تھیٹرز کا مالی بحران بڑھتا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG