رسائی کے لنکس

'بلیک وِڈو' سمیت ہالی وڈ کی دو فلموں کی ریلیز 2021 تک ملتوی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

والٹ ڈزنی نے اپنی سپر ہیرو فلم 'بلیک وِڈو' اور اسٹیون اسپل برگ نے فلم 'ویسٹ سائڈ اسٹوری' کی ریلیز میں تاخیر کرتے ہوئے اسے 2021 تک ملتوی کر دیا ہے۔

'بلیک وِڈو' کو رواں برس نومبر میں ریلیز ہونا تھا تاہم اب یہ مئی 2021 میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی جب کہ 'ویسٹ سائیڈ اسٹوری' تقریباً ایک سال کی تاخیر سے دسمبر 2021 میں ریلیز کی جائے گی۔

رواں سال باقی بلاک بسٹرز فلموں میں جیمز بانڈ کی فلم 'نو ٹائم ٹو ڈائی' ہے جو 20 نومبر کو ریلیز ہو گی جب کہ 'ونڈر وومن 1984' اب 25 دسمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ملٹی پلیکسز میں شائقین کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں واپس لانے کے لیے ڈزنی اور دیگر فلم ساز اسٹوڈیوز فلموں کی ریلیز کے شیڈول میں متعدد بار تبدیلیاں کر چکے ہیں۔

فلموں کی ریلیز میں تاخیر کو کرونا وائرس کی وبا کے باعث مارچ سے بند سنیما گھروں کے کھلنے اور فلمی رونقیں بحال ہونے کی اُمیدوں کو بڑا دھچکہ لگنے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکہ میں فلمی شائقین کا گڑھ سمجھے جانے والے نیویارک اور لاس اینجلس کے تھیڑز بدستور بند ہیں۔ دیگر شہروں میں 'اے ایم سی' انٹرٹینمنٹ، سنے ورلڈ، ریگل سنیماز سمیت دیگر سنیما کھل گئے ہیں۔

تاہم بعض فلموں کی نمائش کے باوجود فلم بین سنیما گھروں کی جانب اس طرح رخ نہیں کر رہے جس طرح کرونا وبا سے پہلے معمول تھا۔

ڈزنی نے اگاتھا کرسٹی کی 'ڈیتھ آن دا نیل' کی ریلیز کی تاریخ بھی اکتوبر سے بڑھا کر دسمبر 2020 کر دی ہے۔ مارولز کی 'ایٹرنلز' اب فروری 2021 کے بجائے نومبر 2021 میں ریلیز ہو گی۔

ڈزنی اینی میٹڈ پکسر مووی 'سول' 20 نومبر کو تھیٹرز میں ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG