چین کے شمالی حصے میں ایک سکول کے باہر چاقو کے حملے میں 7 طالب علم ہلاک اور 12 کو زخمی ہو گئے ۔
بی بی سی نے عہدے داروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ چین کے صوبے شان چی کی مزہی کاؤنٹی کے ایک ہائی سکول کے نزدیک چاقو سے مسلح ایک شخص نے طالب علموں پر اس وقت حملے کیے جب وہ چھٹی ہونے کے بعد اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے مشتبہ شخص کو اپنی حراست میں لے لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی تصویروں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کئی طالب علم فرش پر لیٹے ہوئے ہیں اور ان کے گرد راہگیروں کا ہجوم ہے۔
مقامی سرکاری عہدے داروں کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور نے شام چھ بجے کے لگ بھگ میزہی کاؤنٹی کے تین سکولوں کو طالب علموں کو اپنا نشانہ بنایا۔
بیان میں ہلاک ہونے والے طالب علموں کی عمروں کا ذکر نہیں کیا گیا تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی عمریں 12 اور 15 سال کے درمیان تھیں اور وہ بظاہر مڈل سکول کے طالب علم دکھائی دیتے تھے۔
چین میں چاقو سے حملوں کے واقعات گاہے بگاہے منظر عام پر آتے رہتے ہیں۔
اس سال11 فروری کو بیجنگ کے ایک کاروباری مرکز میں چاقو سے مسلح ایک شخص نے حملے کر کے ایک خاتون کو ہلاک اور 12 افراد کو زخمی کر دیا تھا۔
اس کے دو روز بعد 13 فروری کو چین کے حساس علاقے سنکیانگ میں ایک شخص نے مجمع پر چاقو سے حملہ کر دیا جس سے 8 افراد ہلاک ہو گئے۔ افراتفری پر کنٹرول کے لیے پولیس نے گولی چلا دی جس کی زد میں آکر تین افراد ہلاک ہو گئے۔