رسائی کے لنکس

چین میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب، لاکھوں افراد متاثر


چین کے صوبے سیچوان کا ایک گاؤں سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔
چین کے صوبے سیچوان کا ایک گاؤں سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

چین کے سرکاری ٹی وی کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران ملک کے 24 صوبوں کے 241 دریاؤں میں طغیانی سے لاکھوں ایکڑ اراضی اور نشیبی آبادیاں زیرِ آب آگئی ہیں۔

چین کے کئی صوبوں میں شدید بارشوں کے باعث ملک کے بیشتر بڑے دریاؤں میں سیلاب آنے سے لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں جب کہ سیکڑوں سڑکوں، پلوں اور ریلوے کے نظام کو نقصان پہنچا ہے۔

چین کے سرکاری ٹی وی کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران ملک کے 24 صوبوں کے 241 دریاؤں میں طغیانی سے لاکھوں ایکڑ اراضی اور نشیبی آبادیاں زیرِ آب آگئی ہیں۔

سیلاب سے اب تک لگ بھگ چار ارب ڈالر کا براہِ راست نقصان ہوچکا ہے۔

چین کے محکمۂ موسمیات نے ہفتے کو ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جب کہ جنوب مغربی صوبے سیچوان میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

چین کے قومی موسمیات مرکز نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں ہفتے کو 80 ملی میٹر فی گھنٹہ تک بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔

سینٹر نے شمال مشرقی صوبوں میں بھی سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے حکام سے کہا ہے کہ وہ لوگوں کو بارش کے دوران گھروں سے باہر نکلنے سے روکیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جاسکے۔

چین میں ہر سال مون سون کے موسم میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب سے سیکڑوں افراد ہلاک ہوتے ہیں لیکن اس سال تاحال حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد خاصی کم ہے۔

بارش سے متعلق حادثات میں اب تک صرف ایک صوبے گانسو میں 15 افراد جب کہ ایک دوسرے صوبے میں تین افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

تاہم گانسو میں ایک ہفتے سے جاری طوفانی بارشوں اور سیلاب سے اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'ژنہوا' کے مطابق صوبہ سیچوان میں آنے والے سیلاب کے باعث 10 سے زائد مرکزی شاہراہیں بند ہوگئی ہیں جب کہ ایک مرکزی پل زیرِ آب آگیا ہے۔

چین کی وزارتِ ہنگامی حالات کے مطابق سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان سیچوان اور اس کے پڑوسی صوبے گانسو میں ہی ہوا ہے جہاں امدادی سرگرمیوں کے لیے مرکز سے ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔

سیلاب کے باعث جمعے کو سیچوان کے نزدیکی شہر چونگ قنگ کے 80 ہزار رہائشیوں کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

شدید بارشوں کے باعث شمالی چین میں بہنے والے مشہور دریا 'یلو ریور' میں طغیانی سے ایک مرکزی ریلوے لائن بھی زیرِ آب آگئی ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث چین کے علاقے انر منگولیا میں بھی حکام نے سیلاب آنے کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔ چین کے اس علاقے میں عموماً بارشیں نہیں ہوتیں اور یہ علاقہ گزشتہ کئی ہفتوں سے شدید خشک سالی کا شکار تھا۔

XS
SM
MD
LG