رسائی کے لنکس

چین: فیکٹری میں دھماکے سے 68 افراد ہلاک


حکام کے مطابق جب دھماکا ہوا تو فیکٹری میں 200 سے زائد افراد موجود تھے جن میں 45 موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

چین کی ایک فیکٹری میں دھماکے سے کم از کم 68 افراد ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہو گئے۔

جس فیکٹری میں آگ لگی وہاں امریکہ میں گاڑیاں بنانے والے کمپنیوں بشمول جنرل موٹرز کے لیے ’ویلز‘ بنائے جاتے تھے۔

چین کے میڈیا کے مطابق یہ دھماکا ہفتہ کی صبح ملک کے مشرقی صوبے جنانگسو کے شہر کنشان میں ہوا۔

اطلاعات کے مطابق فیکٹری کے جس حصے میں گاڑیوں کے ’ویلز‘ پالش کیے جاتے تھے وہاں یہ دھماکا ہوا۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے ’ژنہوا‘ کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکا لاپرواہی کے باعث اُس وقت ہوا جب ایک ایسے کمرے میں آگ جلائی گئی جہاں کچھ آتش گیر مواد موجود تھا۔

جس فیکٹری میں دھماکا ہوا وہاں لگ بھگ 450 افراد کام کرتے تھے۔

حکام کے مطابق جب دھماکا ہوا تو فیکٹری میں 200 سے زائد افراد موجود تھے جن میں 45 موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

چین کے ایک ٹیلی ویژن چینل ’سی سی ٹی وی‘ پر دکھائے جانے والے مناظر کے مطابق فیکٹری کی عمارت سے دھوئیں کے گہرے بادل اُٹھ رہے تھے۔

جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرتے ہوئے دکھایا گیا، جن میں زیادہ تر جھلس کر زخمی ہوئے۔ شدید زخمیوں کو شنگھائی میں منتقل کیا گیا ہے۔

چین میں رواں سال کے دوران فیکٹری میں ہونے والا یہ سب سے مہلک دھماکا تھا۔

جون 2013ء میں چین کے صوبے جیلنن میں مرغیوں کے ایک ذبغ خانے میں آتشزدگی سے 120 افراد ہلاک ہو گئے۔

XS
SM
MD
LG