رسائی کے لنکس

صدر اوباما کی دلائی لاما سے ملاقات پر چین کا احتجاج


ملاقات پر نکتہ چینی کرتےہوئے چین نے کہا ہے کہ یہ ملاقات امریکہ کے اُن وعدوں کےمنافی ہےجو اُس نے چین سےکیےتھے

چین نے جمعہ کو امریکی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے صدر باراک اوباما کی تبت کے جلاوطن روحانی رہنما دلائی لاما سے ملاقات پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کے اس اقدام سے امریکہ- چین تعلقات کو” شدید نقصان“ پہنچایا ہے۔

اس ملاقات کی ویڈیو رپورٹ ملاحظہ کریں۔

ایک سرکار ی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ملاقات چین کے اندرونی معاملات میں براہ راست مداخلت ہے جس نے چینی لوگوں کے جذبات کو ” ٹھیس پہنچائی“ ہے۔

جمعرات کے روز تبّت کے رو حانی لیڈر دلائى لاما کے ساتھ امریکہ کے صدر براک اوباما کی ملاقات پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملاقات امریکہ کے اُن وعدوں کے منافی ہے جو اُس نے پیچنگ سے کیے تھے۔


واشنگٹن میں ملاقات ختم ہونے کے چند ہی گھنٹے بعد چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ما چاؤ سُو نے سرکاری ذرائع ابلاغ کو اپنے ردّ عمل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ ملاقات ، تبّت کو چین کا حصّہ تسلیم کرنے اور تبّت کی آزادی کی حمایت نہ کرنے کے اُس موقف کے منافی ہے ، جس کا امریکی حکومت بار بار اعلان کرتی رہی ہے۔

صدر اوباما نے ملاقات کے دوران دلائى لاما سے کہا کہ وہ تبّت کے منفرد مذہب، ثقافت اور اُس کی لِسانی شناخت اور چین میں تبّت کے لوگوں کے انسانی حقوق کی پُرزور حمایت کرتے ہیں۔

وائیٹ ہاؤس کے جاری کیے ہوئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے دلائى لاما کے عدم تشدّد کے عزم اور چینی حکومت کے ساتھ کسی مکالمے کے لیے اُن کی کوششوں کی تعریف کی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں لیڈروں نے امریکہ اور چین کے درمیان ‘ مثبت اور تعاون کے تعلقات’ کی اہمیت سے اتفاق کیا ہے۔

ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں دلائی لاما نے کہا کہ صدر سے ملاقات کرکے اُنھیں بہت مسرت ہوئی، اور اُن کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ مسٹر اوباما کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مذہبی ہم آہنگی اور انسانی حقوق کے فروغ اورقیادت کے حوالے سے خواتین کے بڑھتے ہوئے عمل دخل پر گفتگو کی۔

1959میں تبت میں چین کے خلاف ہونے والی بغاوت ناکام ہونے کے بعد دلائی لاما بیرون ملک فرار ہو گئے تھے ۔ ان کا موقف ہے کہ وہ آزاد تبت کے خواہاں نہیں بلکہ اپنے علاقے کے لیے زیادہ سے زیادہ خودمختاری چاہتے ہیں ۔ لیکن چین کا الزام ہے کہ دلائی لاما مقامی آبادی کو علیحدگی پسندی کی ترغیب دے رہے ہیں۔

۔

XS
SM
MD
LG