چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کے برما کے تاریخی دورے کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکہ کو خطے کے اس ملک پر عائد اقتصادی پابندیاں اٹھالینی چاہیئں۔
مسٹر ہونگ نے کہا کہ چین برما حکومت کی ان پالیسیوں کا خیر مقدم کرتا ہے جو اس نے اندرون ملک سیاسی مفاہمت میں پیش رفت کےلیےکررہاہے ۔ ترجمان کا کہناتھا کہ چین سمجھتا ہے کہ برما اور مغربی ملکوں کے رابطوں میں اضافہ اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کو بہتر بنانا چاہیے ۔
جمعرات کے روز ایک بریفنگ میں مسٹر ہونگ نے کہا واشنگٹن کو برما کے خلاف پابندیاں ختم کردینی چاہیں۔
ان کا کہناتھا کہ چین سمجھتا ہے کہ برما کے استحکام اور ترقی کے فروغ کےلیے پابندیاں عائد کرنے والے ممالک کو اب یہ رکاوٹیں دور کردینی چاہیں۔
امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے یہ واضح کر دیا ہے کہ امریکہ اقتصادی پابندیوں کےخاتمے پر غور سے قبل وہاں انسانی حقوق میں مزید پیش رفت دیکھنا چاہتا ہے ۔
برما کے لیے آسٹریلیا کے سابق ملٹری اتاشی جان بلکس لینڈ کا کہناہے کہ برما کے ایک بڑے بھائی کے طور پر چین کے کردار کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ برما کے مستقبل میں چین کو ایک بہت اہم کردار ا دا کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ چین برما کو سب سے زیادہ فوجی ساز و سامان فراہم کرتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تبادلےکے قریبی تعلقات ہیں ۔