رسائی کے لنکس

جاپان: سیلاب سے ہلاکتیں 50 ہو گئیں، 30 لاکھ افراد کو انخلا کی ہدایت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جاپان کے جنوب مغربی جزیرے 'کیوشو' میں گزشتہ تین روز سے جاری طوفانی بارشوں اور سیلاب سے اب تک 50 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور درجنوں لاپتا ہیں۔

جمعے سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ اب تک تھم نہیں سکا ہے اور حکام نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

'کیوشو' میں طوفانی بارشوں کے بعد حکام نے 30 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔

کیوشو کے 'کوماموتو' نامی علاقے میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ہے جہاں 50 میں سے 49 اموات اسی علاقے میں ہوئی ہیں۔

کوماموتو کے درجنوں رہائشی اپنا گھر بار چھوڑ کر کھلے میدانوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ بجلی کی ترسیل اور مواصلاتی ذرائع بھی بند ہیں۔

کوماموتو میں بزرگ شہریوں کے لیے قائم ایک نرسنگ ہوم میں سیلاب سے 14 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ نرسنگ ہوم کے قریب ہی واقع دریا سے سیلابی ریلے کی صورت میں برساتی پانی عمارت میں داخل ہوا جس کے باعث کچھ معذور افراد کو وہاں سے نہیں نکالا جا سکا۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق کیوشو میں سیلابی ریلوں کے نتیجے میں پل اور سڑکیں بہہ گئی ہیں اور رہائشی علاقوں میں کئی کئی فٹ تک پانی جمع ہے۔

متعدد لوگ اپنے گھروں میں محصور ہیں جب کہ ریسکیو اہلکار کشتیوں میں بیٹھ کر گھروں میں پھنس جانے والے لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔

محصورین کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے ان کے گھروں کی چھتوں سے ریسکیو کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جاپان کی 'سیلف ڈیفنس فورس' کے 40 ہزار سے زائد اہلکار مقامی ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ مل کر متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے مشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG