تائیوان میں سمندری طوفان کے باعث ساحلی قصبوں میں سیلاب آنے کی وجہ سے 81 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے مرکز کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے کئی موٹر سائیکل سوار زمین پر گر گئے اور شیشے کے اڑتے ہوئے ٹکڑے لگنے سے بعض افراد زخمی ہوگئے۔ شمال مشرقی ساحل پر واقع قصبے یلان میں ایک شخص تیز آندھی کی وجہ سے اڑ کر دور جا گرا، ایک دوسرے شخص کو اڑتی ہوئی چیز جا لگی اور ایک تیسرا شخص ایک مال بردار ٹرک الٹنے سے زخمی ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیسٹ نامی سمندری طوفان ہفتہ کی شام کو تائیوان کے شمال مشرقی ساحل سے جب ٹکرایا تو اس وقت ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 137 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔
اس سمندری طوفان کی وجہ سے پنگ ٹنگ کے زرعی علاقے میں 600 ملی میٹر بارش ہونے کی وجہ سے دوکانوں اور گلیوں میں گھٹنوں تک پانی جمع رہا۔
طوفان کی آمد سے پہلے تائیوان کی جنوبی علاقے سے 10 ہزار سے زائد افراد کو نکال لیا گیا تھا لیکن اتوار کے صبح تک ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد عارضی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔
نیسٹ طوفان کی وجہ سے 145بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور تقریباً پانچ لاکھ گھروں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔
دوسری طرف عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ سمندری طوفان تائیوان سے گزرنے کے بعد مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے جنوب مشرقی چین کے صوبے فوجین میں پہنچ گیا لیکن اس کی شدت کم ہو چکی تھی۔
فیوجین صوبے کے آبی وسائل کے محکمہ کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت فیوزؤ سے لگ بھگ 70 ہزار افراد کو نکال لیا گیا ہے اور درجنوں ٹرینوں کی آمدو رفت اور پروزاوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
تائیوان میں ایک دوسرا طوفان اتوار کی رات کو ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
تائیوان، چین، جاپان اور فلپائن میں ہر سال جون اور نومبر کے درمیان سمندری طوفانوں کا آنا یک معمول ہے۔ تائیوان میں 2009ء میں آنے والے سمندری طوفان کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے سے تقریباً 680 افراد ہلاک ہو ئے اور یہ سمندری طوفان 2000ء کے بعد تائیوان میں آنے والے سمندری طوفانوں میں مہلک ترین تھا۔