رسائی کے لنکس

ایشیا کپ سپر فور مرحلہ: سنسنی خیز میچ میں پاکستان فاتح


پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک جن کے 51 رنز سے 258 کا ہدف حاصل ہوا۔ 21 ستمبر 2018
پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک جن کے 51 رنز سے 258 کا ہدف حاصل ہوا۔ 21 ستمبر 2018

افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لئے 258رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز سے 3 بالز پہلے سات وکٹوں پر حاصل کر لیا۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان ابو ظہبی میں ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں انتہائی دلچسپ میچ پاکستان نے 3 وکٹس سے جیت لیا۔

افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لئے 258 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز سے 3 بالز پہلے سات وکٹوں پر حاصل کر لیا۔

ہدف بظاہر مشکل لگ رہا تھا لیکن امام الحق اور بابراعظم کی لمبی پارٹنر شپ نے کھیل کا رخ پاکستان کی جانب موڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آج کے میچ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص فیلڈنگ کے باعث افغانستان اپنی حریف ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے 258 رنز کا بڑا ہدف دینے میں کامیاب رہا۔

فیلڈرز کی خراب فیلڈنگ کا یہ عالم تھا کہ انہوں نے کئی آسان کیچ بھی ڈراپ کر دیے۔

محمد عامر کی جگہ پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخرزمان، امام الحق اور حارث سہیل نے تین آسان کیچ چھوڑے۔

اننگز کا آغاز اس وقت انتہائی مایوس کن نظر آیا جب پاکستانی اوپنر پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے مجیب الرحمٰن کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ وہ ایونٹ میں دوسری بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔

افغان ٹیم کے بڑھتے حوصلے دیکھ کر امام الحق اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کے طور پر محتاط انداز میں کھیلا اور ایک لمبی پارٹنر شپ قائم کرنے اور ٹیم کا اسکور 154 رنز تک پہنچانے میں کامیابی حاصل کی۔ تاہم اس دوران کھیل بہت سست ہو گیا مگر دونوں کی اس حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان پر پڑنے والا نفسیاتی دباؤ کم ہو گیا اور باقی کھلاڑیوں کو ٹک کر کھیلنے کا موقع ملا۔

امام الحق 80 رنز پر کھیل رہے تھے کہ ایک رنز لینے کے دوران انہیں نجیب اللہ نے آؤٹ کر دیا جبکہ بابر اعظم جو اب تک امام الحق کے ساتھ پارٹنر شپ کرتے آئے تھے امام کے بعد صرف چار رنز ہی اسکور میں مزید جوڑ سکے اور 158 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 66 رنز بنائے۔

حارث سہیل کی باری آئی مگر وہ 13 رنز ہی بنا پائے۔ انہیں مجیب الرحمٰن کی بال پر احسان اللہ نے کیچ کرلیا۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 194 رنز تھا۔

دوسرے اینڈ پر ان کا ساتھ دینے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے۔ حارث کی جگہ اب کپتان سرفراز احمد ان کا ساتھ دینے کے لئے کریز پر آئے لیکن صرف آٹھ رنز پر گلبدین نائب نے انہیں بولڈ کر دیا۔

چھٹے وکٹ کے طور پر آصف علی شعیب ملک کا ساتھ دینے آئے لیکن صرف سات رنز پر ہی آفتاب عالم نے راشد خان کی گیند پر انہیں کیچ کر لیا۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑی محمد نواز نے 10 رنز بنائے۔ انہیں راشد خان نے بولڈ کیا۔ حسن علی نے 6 جبکہ شعیب ملک نے 51 رنز بنائے۔ یوں پاکستان نے 3 بالز پہلے ہی سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 258 رنز کاہدف حاصل کر کے یہ میچ جیت لیا۔

افغانستان نے بالنگ میں مجیب الرحمٰن، آفتاب عالم، گلبدین نائب، محمد نبی سمیت پانچ بالرز کو آزمایا۔ مجیب الرحمٰن نے دو، راشد خان نے تین اور گلبدین نے ایک وکٹ لی۔

XS
SM
MD
LG