رسائی کے لنکس

آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش کو 256 رنز کا ہدف


دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد افغانستان کے بیٹسمین محتاط بیٹنگ پر مجبور ہوگئے جس کی وجہ سے رنز بنانے کی رفتار بھی سست پڑگئی

ایشیا کپ کے آخری گروپ میچ میں ’ٹیل اینڈرز‘ کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت افغانستان نے بنگلہ دیش کو جیت کے لئے 256 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 160 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد غلام نبی اور راشد خان نے آٹھویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں صرف 55 گیندوں پر 95 رنز بنائے۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم کو ابتدا ہی میں وکٹ گنوانی پڑی۔ اوپنر احسان اللہ صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

نئے بیٹسمین رحمت شاہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین کی راہ لی۔

دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد افغانستان کے بیٹسمین محتاط بیٹنگ پر مجبور ہوگئے جس کی وجہ سے رنز بنانے کی رفتار بھی سست پڑگئی۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد شہزاد اور حشمت اللہ شاہدی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 51رنز بنا کر ٹیم کو کسی حد تک مشکل صورتحال سے نکالا۔ 79 رنز کے مجموعی اسکور پر شہزاد 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان اصغر افغان صرف 8 رنز ہی بنا سکے، جبکہ سمیع اللہ شنواری اور محمد نبی نے بالترتیب 18 اور 10 رنز کی اننگز کھیلی۔

ایک سو ساٹھ کے اسکور پر7 وکٹیں گرنے کے بعد ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ افغانستان کی ٹیم بڑا ہدف دینے میں کامیاب نہیں ہوسکے گی۔ تاہم، غلام نبی اور راشد خان نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 55 گیندوں پر 95 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کی اور ٹیم کا اسکور255 رنز تک پہنچا دیا۔

راشد خان 57 اور غلام نبی 42 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

بنگلادیش کی طرف سے شکیب الحسن 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے، جبکہ ابو حیدر نے 2 اور روبیل حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

XS
SM
MD
LG