رسائی کے لنکس

آسیان ممالک کے بحری حکام کی کانفرنس شروع


کانفرنس ایک ایسے وقت میں ہونے جارہی ہے جب تنظیم کے چار رکن ممالک کے بحیرہ جنوبی چین کے بعض علاقوں پر چین کے ساتھ موجود ملکیتی تنازعات شدت اختیار کرگئے ہیں۔

جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم 'آسیان' کے رکن ممالک کی سالانہ 'میری ٹائم کانفرنس' کا فلپائن کے دارالحکومت میں آغاز ہوگیا ہے جس میں خطے کے ممالک کے اعلیٰ حکام اور سیکیورٹی ماہرین شریک ہیں۔

منیلا میں بدھ سے شروع ہونے والی اس سالانہ کانفرنس کا مقصد آبی وسائل اور خطے سے گزرنے والی بحری تجارتی گزرگاہوں کے تحفظ کی کوششوں کو مربوط بنانا ہے۔

تاہم یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں ہونے جارہی ہے جب تنظیم کے چار رکن ممالک کے بحیرہ جنوبی چین کے بعض علاقوں پر چین کے ساتھ موجود ملکیتی تنازعات شدت اختیار کرگئے ہیں۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ تنازعات کی سنگینی کے باعث یہ موضوع کانفرنس کے ایجنڈے پر حاوی رہے گا۔

کانفرنس میں شریک فلپائن کے نائب صدر جیجو مار بینے نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین کی حد بندیوں پر موجود اختلافات کو سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ فلپائن متنازع علاقوں کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والے چار ممالک میں سے ایک ہے۔ گمان ظاہر کیاجاتا ہے کہ یہ سمندری علاقہ تیل و گیس کی دولت سے مالا مال ہے۔

فلپائنی نائب صدر نے اپنی گفتگو میں چین کے آئندہ صدر کے اس بیان کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے تنازع کے پرامن اور سفارتی حل کی حمایت کا اعادہ کیا تھا۔

چین کے موجودہ نائب صدر – جو آئندہ چند ماہ میں چین کی صدارت سنبھال لیں گے – ژی جن پنگ نے کہا تھا کہ چین ان تنازعات کے پرامن حل پر یکسو ہے۔ لیکن چینی حکومت تنازع کے تمام فریقین کے ساتھ بیک وقت مذاکرات کی مخالفت کرتی ہے اور اس کا موقف ہے کہ علاقے کی ملکیت کے دعویدار تمام ممالک سے علیحدہ علیحدہ بات کی جائے گی۔

کانفرنس میں شریک سیکیورٹی کے ایک ماہر سیم بیٹ مین چین کے اس موقف کے حامی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ملکیتی تنازعات کے تصفیے کے لیے دو فریقوں کے مابین مذاکراتی عمل کا خیال بہترین ہے۔

جمعے تک جاری رہنے والی یہ سہ روزہ کانفرنس آئندہ ماہ کمبوڈیا میں ہونے والے مشرقی ایشیا ئی ممالک کے سربراہی اجلاس سے قبل ہورہی ہے۔ امکان ہے کہ بحیرہ جنوبی چین کی حد بندیوں پر موجود اختلافات اس سربراہی اجلاس کا مرکزی موضوع رہیں گے۔
XS
SM
MD
LG