رسائی کے لنکس

لڑکیوں کی تعلیم، ’ایپل‘ کا ملالہ سے مالی تعاون کا اعلان


ٹیکنالوجی کی دنیا کی شہرہ آفاق امریکی کمپنی ’ایپل‘ نے لڑکیوں کی تعلیم کے لئے پاکستان کی نوبل انعام یافتہ، ملالہ یوسف زئی کے ’ملالہ فنڈ‘ سے تعاون کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ملالہ دنیا بھر کی لڑکیوں کو تعلیم کا حق دلانے کے لئے سرگرم ہیں اور ان کے قائم کردہ ملالہ فنڈ سے تعاون کا اعلان کرتے ہوئے اپیل نے ایک بیان میں کہا ہےکہ ’ملالہ فنڈ‘ کو لڑکیوں کی تعلیم کے لئے مالی تعاون فراہم کیا جائے گا، جس کی مدد سے ملالہ کی تنظیم ’گل مکئی نیٹ ورک‘ کی جانب سے پاکستان، افغانستان، ترکی، لبنان اور نائجیریا میں لڑکیوں کی تعلیم کے پروگرامز کے لئے فراہم کی جانے والی امداد دگنی ہوجائے گی۔

اپیل اور گل مکئی نیٹ ورک کی پارٹنرشپ سے بھارت اور لاطینی امریکہ کے سکینڈری اسکولوں کی ایک لاکھ لڑکیوں کو تعلیم فراہم کی جائے گی اور اس سلسلے میں مختلف منصوبوں کو مالی مدد دی جائے گی۔

امریکی چینل ’سی این بی سی‘ کے مطابق، ملالہ یوسف زئی نے بیان میں کہا کہ ’’میرا خواب ہے کہ ہر لڑکی اپنے مستقبل کا انتخاب خود کرے۔ ’ایپل‘ اپنی جدت اور تخلیقی صلاحیتوں سے دنیا بھر کے لوگوں میں علم عام کرنے اور لوگوں کو بااختیار بنانے میں مصروف ہے۔ میں ایپل کی شکرگزار ہوں کہ انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کو سمجھا اور اس پر سرمایہ کاری کے لئے ملالہ فنڈسے مالی تعاون کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ لڑکیوں کو بغیر کسی خوف اور ڈر کے بلاتفریق تعلیم فراہم کرنے کی جنگ ہے۔‘‘

ایپل کے مطابق ملالہ فنڈ کو ٹیکنالوجی، نصاب اور تحقیق میں مدد دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لڑکیوں کی اسکول جانے میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔

ایپل کے سی ای او ٹم کک کا کہنا تھا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ تعلیم مساوات کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ ہم ملالہ فنڈ کے ذریعے ہر لڑکی کو تعلیم دینے اور اسکول بھیجنے کے عہد میں حصہ دار ہیں۔ ملالہ برابری کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے والی باہمت شخصیت ہیں اور ہمارے دور کی متاثر کن شخصیات میں سے ایک ہیں۔ ملالہ سے لڑکیوں کی تعلیم جیسے کاز کے لئے تعاون ایپل کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ ملالہ دنیا بھر کی لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے لئے کام کر رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG