رسائی کے لنکس

ملالہ یوسف زئی فلم ’پیڈ مین‘ کی حمایت میں سرگرم


ٹوئنکل کھنہ کا کہنا ہے ’اس موضوع پر فلم بنانے کا مقصد شعور اور آگہی پیدا کرنا ہے۔ اب تک بھارت کے بہت سے علاقوں میں خواتین کے اس اہم معاملے سے متعلق کوئی آگاہی نہیں اور نہ ہی انہیں سینٹری پیڈز کا علم ہے اور ان کا استعمال آتا ہے

لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے سرگرم پاکستان کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی خواتین کےمسائل پر آواز اٹھانے اور انہیں حقوق دلانے کی مہم میں بھی کسی سے پیچھے نہیں۔

خواتین کی صحت و صفائی سے متعلق بالی وڈ کی نئی فلم ’پیڈ مین‘ کی تعارفی اور تشہیری تقریب میں بھی ملالہ یوسف زئی نمایاں نظر آئیں۔

فلم کی بالی وڈ کی اداکارہ ،پروڈیوسر اور فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کو آکسفورڈ یونیورسٹی ڈیبیٹ سوسائٹی میں گفتگو کے لیے مدعو کیا گیا جہاں ملالہ یوسف زئی بھی موجود تھیں۔

ٹائمز آف انڈیا سے بات چیت چیت میں ٹوئنکل کھنہ کا کہنا تھا ’اس موضوع پر فلم بنانے کا مقصد شعور اور آگہی پیدا کرنا ہے۔ اب تک بھارت کے بہت سے علاقوں میں خواتین کو اس اہم معاملے سے متعلق کوئی آگاہی نہیں اور نہ ہی انہیں سینٹری پیڈز کا علم ہے اور ان کا استعمال آتا ہے ۔ امیدہے یہ فلم ایک تحریک بن جائے گی۔ ‘

فلم ’پیڈ مین‘ کا مرکزی کردار خیالی نہیں بلکہ حقیقی ہے۔ فلم کی کہانی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کویمبٹور کے سماجی کارکن اروناچلم مروگناتھم کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔

ارونا چلم مروگناتھم نے اپنے علاقے میں محدود وسائل اور متعدد مسائل اور رکاوٹوں کے باوجود خواتین کے لیے ماحول دوست سینیٹری پیڈز بنائے اور انہیں شرمساری سے محفوظ کیا۔

اروناچلم مروگناتھم کو ان کی اسی سماجی خدمت پر’ پدما شری ایوارڈ‘ سے بھی نوازا گیا تھا۔

فلم ’پیڈ مین‘ جس کی کاسٹ میں اکشے کمارکے علاوہ سونم کپور اور رادھیکا اپٹے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، 9 فروری کو سینما گھروں میں ریلیز ہو گی۔

XS
SM
MD
LG