رسائی کے لنکس

'کشمیر آور' منانے میں فنکار بھی پیش پیش


جمعے کو 'کشمیر آور' وزیراعظم پاکستان عمران خان کی اپیل پر منایا گیا۔
جمعے کو 'کشمیر آور' وزیراعظم پاکستان عمران خان کی اپیل پر منایا گیا۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی اپیل پر جمعہ کو منائے جانے والے 'کشمیر آور' میں جہاں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد آگے آئے وہیں پاکستانی فنکار بھی پیش پیش نظر آئے۔

متعدد فنکاروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیر کے لیے اپنی آواز بلند کی۔ اُن میں اداکار شان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان، فخر عالم، گلوکار شہزاد رائے اور ہمایوں سعید بھی شامل ہیں۔

اداکار شان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پوری قوم متحد ہو کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرے۔

ٹی وی اداکار حمزہ علی عباسی نے ایک تصویر شیئر کی اور کہا کہ ہم کمشیریوں کے ساتھ ہیں۔ کشمیر کے لیے اپنی آواز بلند کریں گے اور کشمیر کو آزادی لازمی ملے گی۔

ماہرہ خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتی ہیں اور ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔

فخر عالم نے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اکھٹے ہونا ہے تاکہ دنیا کو یہ پیغام جائے کہ ہم انسانی تشدد پر خاموش نہیں رہیں گے۔

شہزاد رائے نے لکھا ہے کہ وہ ڈھائی ہزار طالبات کے ساتھ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کشمیر آور میں شریک ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ایل او سی کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔

ہمایوں سعید لکھتے ہیں کہ تشدد اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں اور وزیراعظم کا ساتھ دیں۔ انہوں نے عوام سے بھی کشمیر آور میں شریک ہونے کی اپیل کی تھی۔

جمعے کو 'کشمیر آور' وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی اپیل پر منایا گیا جس کے تحت دن 12 سے ساڑھے بارہ بجے تک تمام کام روک کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لوگ گھروں سے باہر نکلے اور کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے یہ اپیل ایک ٹوئٹ کے ذریعے کی تھی۔ ان کی اپیل پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں 'کشمیر آور' منایا گیا۔

XS
SM
MD
LG